رسائی کے لنکس

Justice Yahya
Justice Yahya

پارلیمانی کمیٹی نے جسٹس یحیٰی آفریدی کو چیف جسٹس مقرر کرنے کی منظوری دے دی

گزشتہ روز ہی پاکستان کے آئین میں چھبیسویں ترمیم کی منظوری دی گئی تھی جس کے بعد سینئر ترین جج کو چیف جسٹس بنانے کی بجائے تین سینئر ججز میں سے کسی ایک کو چیف جسٹس بنانے کا اختیار پارلیمانی کمیٹی کو دیا گیا تھا۔

09:28 22.10.2024

چیف جسٹس کے تقرر کی منظوری کیسے ہو گی؟

پارلیمان سے منظور ہونے والی 26ویں آئینی ترمیم کے ذریعے آئین کے آرٹیکل 175-اے میں ترمیم سے چیف جسٹس آف پاکستان کے تقرر کا طریقۂ کار تبدیل کیا گیا ہے۔

پہلے سنیارٹی کی بنیاد پر سب سے سینئر جج سپریم کورٹ کا چیف جسٹس بنتا تھا جب کہ اب چیف جسٹس کے تقرر کا اختیار 12 رکنی پارلیمانی کمیٹی کو دے دیا گیا ہے۔

چیف جسٹس کے تقرر کے لیے پارلیمانی کمیٹی کو سپریم کورٹ کے سینئر ترین ججوں کے نام بھیجے جائیں گے جن میں سے کسی ایک جج کو چیف جسٹس تعنیات کرنے کا اختیار اس کمیٹی کو دیا گیا ہے۔

کمیٹی کے کل اراکین کی دوتہائی اکثریت سے چیف جسٹس کے تقرر کی منظوری ہو سکتی ہے۔ قانونی ماہرین کے مطابق کمیٹی میں دو تہائی اکثریت کے لیے آٹھ اراکین کی حمایت درکار ہو گی۔

واضح رہے کہ پارلیمانی کمیٹی میں حکمران اتحاد کے اراکین کی تعداد بھی آٹھ ہے۔

09:26 22.10.2024

چیف جسٹس کے تقرر کے لیے قائم پارلیمانی کمیٹی میں کون کون شامل ہے؟

سپریم کورٹ کے نئے چیف جسٹس کے تقرر کے لیے 12 رکنی پارلیمانی کمیٹی میں قومی اسمبلی کے آٹھ جب کہ سینیٹ کے چار ارکان شامل ہیں۔

قومی اسمبلی کے سیکریٹری طاہر حسین کے دستخط سے جاری کیے گئے نوٹیفکشن کے مطابق اس کمیٹی میں حکمران اتحاد میں شامل جماعتوں کے آٹھ اراکین شامل ہیں جن میں مسلم لیگ (ن) کے چار، پاکستان پیپلز پارٹی کے تین اور ایم کیو ایم پاکستان کا ایک رکن شامل ہے۔

پارلیمانی کمیٹی میں اپوزیشن میں شامل جماعتوں کے اراکین کی مجموعی تعداد چار ہے جن میں پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے تین اور جے یو آئی کا ایک رکن شامل ہے۔

گزشتہ روز پارلیمان سے منظور ہونے والی 26ویں آئینی ترمیم کے ذریعے آئین کے آرٹیکل 175-اے میں ترمیم کے ذریعے چیف جسٹس آف پاکستان کی تعنیاتی کا طریقۂ کار تبدیل کیا گیا ہے۔

پہلے سنیارٹی کی بنیاد پر سب سے سینئر جج سپریم کورٹ کا چیف جسٹس بنتا تھا جب کہ اب چیف جسٹس کے تقرر کا اختیار 12 رکنی پارلیمانی کمیٹی کو دے دیا گیا ہے۔

09:25 22.10.2024

نئے چیف جسٹس کے تقرر کے لیے کمیٹی قائم، اجلاس طلب

پاکستان کی سپریم کورٹ کے نئے چیف جسٹس کے تقرر کے لیے 12 رکنی پارلیمانی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔

کمیٹی کے قیام کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا جا چکا ہے۔

چیف جسٹس کے نام کی حتمی منظور ی کے لیے اس کمیٹی کا پہلا اجلاس آج شام چار بجے طلب کیا گیا ہے۔

09:23 22.10.2024

امریکہ میں پاکستانی وفد کی عالمی معاشی اداروں کے حکام سے ملاقاتیں

پاکستانی وفد نے ورلڈ بینک اور بین الاقوامی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے سالانہ اجلاسوں کے موقع پر واشنگٹن ڈی سی میں الواریز اینڈ مارسل کے وفد سے ملاقات کی ہے۔

پاکستانی وفد میں سیکریٹری خزانہ امداد اللہ بوسال اور گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد شامل تھے۔ الواریز اینڈ مارسل کے وفد کی قیادت سابق گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان ڈاکٹر رضا باقر نے کی۔

اجلاس میں اندرونی بین الاقوامی کیپٹل مارکیٹوں اور بیرونی قرض دہندگان تک رسائی بحال کرنے کے طریقوں پر غور کیا گیا۔

پاکستانی وفد نے آج آئی ایم ایف کے ڈائریکٹر ایم سی ڈی مسٹر جہاد ازعور سے ملاقات کی۔ آئی ایم ایف کی پاکستان کے لیے مسلسل حمایت، خصوصاً حال ہی میں منظور شدہ سات ارب امریکی ڈالر کے توسیعی فنڈ سہولت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے وفد نے مالیاتی استحکام، محصولات میں اضافہ، توانائی اور سرکاری اداروں کی اصلاحات کی کوششوں پر روشنی ڈالی۔

جہاد ازعور نے فنڈ اصلاحات کے تسلسل پر زور دیا۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG