اسرائیلی وزیرِ دفاع کا لبنان میں لڑائی جاری رکھنے کا اعلان
اسرائیل کے وزیرِ دفاع یسرائیل کٹز نے کہا ہے کہ لبنان میں حملے جاری رہیں گے اور جنگ بندی اس وقت تک نہیں ہوگی جب تک اسرائیل اس جنگ کے اہداف حاصل نہیں کر لیتا۔
سوشل میڈیا ہر ایک بیان میں یسرائیل کٹز نے کہا کہ اسرائیل کسی ایسے انتظم پراتفاق نہیں کرے گا جس میں یہ ضمانت نہ دی جائے کہ دہشت گردوں کو آزادی نہیں دی جائے گی اور لبنان میں جنگ کے اہداف حاصل نہیں ہو جاتے۔
ان کے بقول ان اہداف میں حزب اللہ کو غیر مسلح کرنا اور اس کے کارکنوں کو دریائے اللیطانی کے پار بھیجنا بھی شامل ہے۔ ان اقدامات سے شمالی اسرائیل کے شہری اپنے علاقوں میں دوبارہ آباد ہو سکیں گے۔
شمالی غزہ میں اسرائیلی فوج کے مزید 4 اہلکار ہلاک
اسرائیل کی فوج نے کہا ہے کہ شمالی غزہ میں اس کے مزید چار اہلکاروں کی ہلاکت ہوئی ہے۔ فوج نے منگل کو ایک بیان میں اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق اسرائیلی فوج نے بیان میں کہا ہے کہ فوج کے چاروں اہلکار پیر کو ہونے والی ایک جھڑپ میں نشانہ بنے تھے۔
غزہ میں اسرائیل کی زمینی کارروائی کے آغاز کے بعد سے اب تک مجموعی طور پر 376 فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔
امریکہ کی شام میں کارروائی، ایران کی حامی مسلح تنظیموں کے ٹھکانوں پر بمباری
امریکہ کی فوج نے کہا ہے کہ اس نے شام میں ایران سے وابستہ عسکری تنظیموں کے نو ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔
امریکی فوج نے بیان میں کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران امریکی اہلکاروں پر ہونے والے حملوں کے بعد شام میں دو مختلف مقامات پر حملے کیے گئے۔
امریکہ کی فوج نے شام اور عراق میں سرگرم ایران کی حامی عسکری تنظیموں پر ماضی میں بھی حملے کیے ہیں۔
تازہ کارروائی سے متعلق امریکی فوج نے کہا ہے کہ یہ حملے ایران کی حمایت یافتہ تنظیموں کی امریکہ اور اتحادی فورسز پر حملوں کی صلاحیت کو کم کریں گے۔ البتہ بیان میں حملوں سے ہونے والے نقصان کی تفصیلات نہیں بتائی گئی ہیں۔
عالمی برادری اسرائیل کو ایران پر حملے سے روکنے میں کردار ادا کرے: محمد بن سلمان
سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ غزہ اور لبنان میں فوری جنگ بندی اور اسرائیل کو ’برادر ملک ایران‘ پر حملے سے روکنے میں اپنا کردار ادا کرے۔
محمد بن سلمان نے دارالحکومت ریاض میں پیر کو عرب لیگ اور اسلام ممالک کی تنظیم (او آئی سی) کے مشترکہ اجلاس سے افتتاحی خطاب کیا۔
اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ہم بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ عالمی امن برقرار رکھنے کے لیے ’’فلسطین اور لبنان میں ہمارے بھائیوں پر اسرائیلی حملے روکے اور یقینی بنائے کہ اسرائیل ہمارے برادر اسلامی جمہوریہ ایران کی سالمیت کا احترام کرے اور اس کی سرحدوں میں حملوں سے باز رہے۔‘‘
پیر کو ریاض میں غزہ اور لبنان میں جاری جنگ سے متعلق عرب اور مسلم ممالک کے رہنماؤں کا مشترکہ اجلاس بلایا گیا۔ سعودی وزارتِ خارجہ نے گزشتہ ماہ اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان تنازع کے دو ریاستی حل پر زور دینے کے لیے یہ اجلاس طلب کیا تھا۔