رسائی کے لنکس

براہِ راست اسرائیل کے خلاف کارروائی جائز، ہر ملک جارحیت کے خلاف دفاع کا حق رکھتا ہے: ایرانی سپریم لیڈر

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے اسرائیل پر حالیہ میزائل حملوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری مسلح افواج کا چند روز قبل ایکشن شاندار تھا جو مکمل طور پر جائز اور قانونی تھا۔

11:18 4.10.2024

اسرائیلی حملہ، لبنان سے شام جانے والی سڑک متاثر

لبنان کے وزیرِ ٹرانسپورٹ علی حمیہ نے کہا ہے کہ اسرائیل کی جمعے کو فضائی کارروائی کے نتیجے میں مصنع سرحد سے شام جانے والی سڑک متاثر ہوئی ہے۔

اسرائیلی بمباری کے باعث لبنان کے ہزاروں افراد ملک چھوڑ کر مصنع سرحدی گزرگاہ کے ذریعے شام منتقل ہو رہے ہیں۔

لبنانی وزیرِ ٹرانسپورٹ کے مطابق اسرائیل نے فضائی حملہ لبنان کی حدود میں کیا ہے جس سے سڑک پر تقریباً چار میٹر گہرا گھڑا پڑ گیا ہے۔

اسرائیلی ڈیفنس فورسز نے جمعرات کو ایک بیان میں الزام عائد کیا تھا کہ حزب اللہ مذکورہ سرحدی گزرگاہ کو شام سے عسکری ساز و سامان کی منتقلی کے لیے استعمال کر رہی ہے۔

10:23 4.10.2024

امریکیوں کی بڑی تعداد سمجھتی ہے نیتن یاہو نے غزہ پر حملے میں حد سے تجاوز کیا، سروے

امریکہ کے تحقیقاتی ادارے پیو ریسرچ سینٹر کے ایک حالیہ جائزے کے مطابق امریکیوں کی ایک بڑی تعداد یہ سمجھتی ہے کہ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے غزہ پر حملے کے معاملے میں اپنی حد پار کی ہے۔ سروے کی مزید تفصیلات بتا رہی ہیں سعدیہ زیب رانجھا۔

10:18 4.10.2024

حزب اللہ کے متوقع سربراہ ہاشم صفی الدین کون ہیں؟

لبنان کی عسکری تنظیم حزب اللہ کے سینئر رہنما اور تنظیم کے متوقع سربراہ ہاشم صفی الدین کو اسرائیلی حملے میں نشانہ بنائے جانے کی اطلاعات ہیں۔

ہاشم صفی الدین حزب اللہ کے مقتول سربراہ حسن نصراللہ کے ماموں زاد بھائی ہیں جنہیں تنظیم میں خاص مقام حاصل ہے۔

سن 1960 کے اوائل میں جنوبی لبنان میں پیدا ہونے والے ہاشم صفی الدین کا شمار حزب اللہ میں شامل ہونے والے ابتدائی اراکین میں ہوتا ہے۔وہ حزب اللہ کے سیاسی، ثقافتی اور روحانی لیڈر کے ساتھ ایک موقع پر تنظیم کی عسکری کارروائیوں میں بھی نمایاں دکھائی دیے۔

ہاشم صفی الدین کا شمار حزب اللہ میں تیزی سے ترقی پانے والے ارکان میں بھی ہوتا ہے۔ 1995 میں انہیں تنظیم کی گورننگ کونسل کا رکن بنایا گیا جس کے فوری بعد ہی انہیں 'جہاد کونسل' کا نگران تعینات کر دیا گیا۔

مزید پڑھیے

08:41 4.10.2024

اسرائیل کی بیروت ایئرپورٹ کے قریب بمباری


لبنان کے دارالحکومت بیروت کے ایئر پورٹ کے قریب جمعے کی علی الصباح دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔

دھماکے اس وقت ہوئے جب کچھ دیر قبل ہی پیرس سے آنے والے مسافر طیارے کی ایئرپورٹ پر لینڈنگ ہوئی تھی ۔

امریکی اخبار 'نیویارک ٹائمز' کی رپورٹ کے مطابق تین اسرائیلی عہدیداروں نے بتایا ہے کہ اسرائیل کے بیروت پر حملے کا نشانہ وہ بنکر بنا ہے جس میں لبنانی عسکری تنظیم حزب اللہ کے سینئر رہنما ہاشم صفی الدین موجود تھے اور وہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔

اسرائیل اور حزب اللہ نے ان رپورٹس کی تصدیق یا تردید نہیں کی ہے۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG