رسائی کے لنکس

غزہ کی تعمیر نو کی کانفرنس میں کیری شریک ہوں گے


امریکی وزیرخارجہ جان کیری
امریکی وزیرخارجہ جان کیری

امریکی وزیرخارجہ فلسطین اور اسرائیل کے تنازع کے حل میں امریکی عزم کا اعادہ کرنے کے علاوہ قاہرہ میں فلسطین کے صدر محمود عباس سے ملاقات بھی کریں گے۔

امریکہ کے وزیرخارجہ جان کیری ہفتہ کو قاہرہ جا رہے ہیں جہاں وہ غزہ کی پٹی کی تعمیر نو کے لیے ہونے والی ڈونرز کانفرنس میں شرکت کریں گے۔

حماس اور اسرائیل کے درمیان 50 روز تک جاری رہنے والی لڑائی میں غزہ کی پٹی کے مختلف علاقے مکمل طور پر تباہ ہوگئے تھے۔

جان کیری کے ساتھ سفر کرنے والے محکمہ خارجہ کے سینیئر عہدیداروں کا کہنا ہے کہ کانفرنس میں غزہ کے لوگوں کی فوری ضروریات کا تذکرہ کیا جائے گا جہاں لڑائی کے باعث واحد پاور پلانٹ اور 15 ہزار سے زائد گھر مکمل طور پر تباہ ہوئے۔

عہدیداروں نے توقع ظاہر کی کہ جنگ اور اس سے تباہی کے بعد تعمیر نو کے "چکر" کو ختم کیا جاسکے گا جس کے لیے ان کے بقول مذاکرات کی میز پر واپس آنے کی ضرورت ہے۔

محکمہ خارجہ کے ایک سینیئر عہدیدار کا کہنا تھا کہ "دنیا میں اس بارے میں کوئی حوصلہ افزا فضا پیدا نہیں ہوئی کہ امریکہ، فلسطین اور اسرائیل کے تنازع کو حل کرنے کے لیے کہاں کھڑا ہے۔ لہذا وزیر خارجہ کے لیے ضروری ہے کہ وہ اس بارے میں اپنے عزم کا اعادہ کریں۔"

عہدیدار کا کہنا تھا کہ لڑائی ختم ہونے کے بعد سے اس بارے میں چند "مثبت اقدامات" دیکھے گئے جن میں اقوام متحدہ کی زیر نگرانی تعیمراتی سامان کی غزہ میں فراہمی بھی شامل ہے۔

جولائی میں اسرائیل نے غزہ سے حماس کے شدت پسندوں کی طرف سے راکٹ باری کو روکنے کے فضائی کارروائیاں شروع کی تھیں جس کے بعد دونوں کے درمیان 50 روز تک جاری رہنے والی لڑائی میں 2100 سے زائد افراد ہلاک ہوئے جن میں 73 اسرائیلی شامل ہیں۔

امریکی وزیرخارجہ قاہرہ میں فلسطین کے صدر محمود عباس سے بھی ملاقات کریں گے۔

XS
SM
MD
LG