رسائی کے لنکس

ارشد شریف کی نمازِ جنازہ ادا، مقامی قبرستان میں سپردِ خاک


کینیا میں ہلاک ہونے والے پاکستانی صحافی ارشد شریف کی نمازِ جنازہ فیصل مسجد میں ادا کر دی گئی۔ نمازِ جنازہ میں اُن کے اہلِ خانہ، صحافیوں اور مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنما شریک ہوئے۔ بعدازاں مرحوم کو ایچ نائن قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔

ارشد شریف کی میت بدھ کو کینیا سے پاکستان لایا گیا تھا جس کے بعد پمز اسپتال اسلام آباد میں ان کا پوسٹ مارٹم کیا گیا۔

ارشد کی موت کو ہر ایک نے سیاسی رنگ دینا ہے: عمر چیمہ

صحافی عمر چیمہ نے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ ارشد شریف کی موت کو ہر ایک نے سیاسی رنگ دینا ہے وہ چاہے عمران خان ہوں یا فیصل واوڈا۔ انہوں نے کہا کہ ارشد کی موت کو قتل قرار دیا جائے حالاں کہ دنیا میں ہزاروں اموات حادثے کے نتیجے میں بھی ہوتی ہیں۔

ارشد شریف کے قتل سے متعلق 'دعوؤں' پرفیصل واوڈا کی پارٹی رکنیت معطل

فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان تحریک انصاف نے پارٹی کے رہنما فیصل واوڈا کو مقتول صحافی ارشد شریف کے قتل سے متعلق پریس کانفرنس کرنے پر ان کی پارٹی کی رکنیت معطل کر دی ہے ۔ پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ ان کا بیان پارٹی پالیسی کی عکاسی نہیں کرتا ۔

فیصل واوڈا نے بدھ کی شام پریس کانفرنس میں دعویٰ کیا کہ ارشد شریف کے قتل میں موجودہ حکومت اور موجودہ اسٹیبلشمنٹ کا کوئی کردار نہیں ہے۔ تاہم انہوں نے دعویٰ کیا کہ ارشد شریف کے قتل کی سازش پاکستان میں ہوئی ہے اور معروف صحافی کی موت حادثہ نہیں بلکہ قتل ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ ارشد شریف کے ساتھ رابطے میں تھے اور دعوے کی تصدیق کے لیے اپنے فون کو فرنزکس کے لیے پیش کر سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ارشد شریف کو ڈرا دھمکا کر ملک سے باہر جانے پر مجبور کیا گیا تھا۔

تحریکِ انصاف کی رکنیت سے معزول ہونے والے رہنما نے پراعتماد انداز میں دعویٰ کیا کہ نہ تو ارشد شریف کا لیپ ٹاپ ملے گا اور نہ ہی ان کا فون۔ان کے بقول وہ کچھ دنوں میں ان لوگوں کا نام بتا سکتے ہیں جو ارشد شریف کے قتل میں ملوث ہیں تاہم اس صورت میں ان کی اپنی جان کو خطرہ ہو سکتا ہے۔

XS
SM
MD
LG