رسائی کے لنکس

مغربی کنارے میں تشدد کے واقعات میں خاتون سمیت چار افراد ہلاک


یروشلم کے حساس مقام سے متعلق کشیدگی کی وجہ سے شروع ہونے والے پر تشدد واقعات کا یہ سلسلہ پورے اسرائیل، مغربی کنارے اور غزہ کی سرحد تک پھیل گیا ہے۔

مغربی کنارے کے اسرائیلی مقبوضہ علاقے میں ایک خاتون کو خنجر مار کر ہلاک کر دیا گیا ہے جب کہ اتوار کو ہونے والے حملوں میں ملوث تین مشتبہ فلسطینی حملہ آوروں کو بھی ہلاک کر دیا گیا ہے۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ایک فلسطینی حملہ آور نے ایک 21 سالہ خاتون کے سر اور چھاتی پر کئی بار چاقو سے وار کیے۔ بعد میں حملہ آور کو قریب ہی موجود سکیورٹی اہلکاروں نے گولی مار کر ہلاک کر دیا۔

فوج کے مطابق اس سے قبل ہونے والے ایک اور حملے میں ایک خاتون نے ایک فوجی اڈے کے داخلی دروازے کے قریب چاقو نکال کر عام شہریوں کی طرف بڑھنا شروع کر دیا۔

مغربی کنارے کے ایک مقامی شخص کا کہنا ہے کہ اس نے اپنی گاڑی سڑک سے نیچے اتار کر خاتون سے ٹکرا دی جس کے بعد ایک فوجی نے اس خاتون کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔

گزشتہ آٹھ ہفتوں کے دوران اسرائیل کی سڑکوں پر تشدد کے بڑھتے ہوئے واقعات اسرائیل کی سکیورٹی کے نظام کے لیے ایک چیلنج بن گئے ہیں جو امریکہ کے لیے بھی باعث تشویش ہیں۔ امریکہ کے وزیر خارجہ جان کیری رواں ہفتے اس خطے کا دوسری مرتبہ دورہ کر رہے ہیں۔

پولیس کے مطابق ایک دوسرے واقعہ میں ایک فسطینی نے جیرکو کے قریب مغربی کنارے کے ایک چوراہے پر کھڑے اسرئیلیوں پر گاڑی چڑھانے کی کوشش کی جس کے بعد وہ گاڑی سے باہر نکل کر ان پر چاقو سے حملہ کرنا چاہتا تھا لیکن اس سے پہلے ہی موقع پر موجود ایک مسلح اسرائیلی شخص نے اسے گولی مار کر ہلاک کر دیا۔

گزشتہ دو ماہ کے دوران 83 فلسطینی حملے کرنے کی کوشش اور اسرائیلی فورسز کے ساتھ تصادم میں ہلاک ہو گئے جبکہ 19 اسرائیلی اور ایک امریکی طالب علم فلسطینیوں کے چاقو سے حملوں، فائرنگ اور گاڑی چڑھانے کے واقعات میں ہلاک ہو چکے ہیں۔

یروشلم کے ایک حساس مقام سے متعلق کشیدگی کی وجہ سے شروع ہونے والے پُرتشدد واقعات کا یہ سلسلہ پورے اسرائیل، مغربی کنارے اور غزہ کی سرحد تک پھیل گیا ہے۔

ان واقعات میں اس وقت اضافہ ہوا جب فلسطینی علاقوں میں یہ افواہ پھیل گئی کہ مشرقی یروشلم میں واقع مسلمانوں اور یہودیوں دونوں کے لیے ایک مقدس مقام پر اسرائیل قبضہ کرنا چاہتا ہے۔ اسرائیل نے مسلسل ان افواہوں کی تردید کی ہے۔

امریکی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ جان کیری 22 اور 24 نومبر کے دوران اپنے مشرق وسطیٰ کے دورے کا آغاز ابو ظہبی سے کریں گے جس کے بعد وہ اسرائیل اور فسلطینی علاقوں میں بھی جائیں گے۔

ایک اعلیٰ امریکہ عہدیدار کا کہنا ہے کہ کیری تشدد کے اس لہر کو روکنے کے طریقوں کے متعلق بات چیت کریں گے۔

XS
SM
MD
LG