اسرائیل نے یمن کے صنعا انٹرنیشنل ایئرپورٹ سمیت ایران نواز حوثی باغیوں کے زیرِ انتظام کئی تنصیبات کو نشانہ بنایا ہے۔ حوثی میڈیا کے مطابق حملوں میں چھ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ جمعرات کو ہونے والے یہ حملے ایسے موقع پر ہوئے جب عالمی ادارۂ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ایڈھانوم گیبراسس صنعا ایئرپورٹ پر موجود تھے۔ خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق ٹیڈروس گیبراسس نے کہا ہے کہ جس وقت صنعا ایئرپورٹ پر بمباری ہوئی وہ طیارے میں سوار ہونے والے تھے جب کہ حملے میں جہاز کے عملے کا ایک رکن بھی زخمی ہوا ہے۔