ایران اور چھ عالمی طاقتوں کے مابین تہران کے جوہری معاہدے کے بڑے ناقد اسرائیل کے وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے ٹوئٹر پر اپنا ایک اکاؤنٹ فارسی میں بھی بنا لیا ہے جس کا مقصد ایرانی عوام تک اپنے پیغامات کی رسائی ہے۔
پیر کو اپنی پہلی ٹوئٹ میں بھی انھوں نے جوہری مذاکرات کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
وزیراعظم کے دفتر کا کہنا تھا کہ فارسی اکاؤنٹ پر نیتن یاہو کے وہی پیغامات جاری ہوں گے جو انگلش اور عبرانی میں دیے جاتے ہیں جس کا مقصد ایران کے لوگوں کو براہ راست مخاطب کرنا ہے۔
ٹوئٹر پر اسرائیلی وزیراعظم کو لوگوں کی ایک بڑی تعداد فالو کرتی ہے اور وہ اکثر جوہری مذاکرات اور ایرانی حکومت سے متعلق تصاویر اور وڈیوز بھی شیئر کرتے رہتے ہیں۔
امریکہ، برطانیہ، فرانس، روس، چین اور جرمنی کے عہدیدار ایران کے ساتھ جوہری مذاکرات کے نتیجے میں ایک معاہدے تک پہنچے ہیں جس کے تحت جوہری پروگرام کو محدود کرنے کے عوض ایران پر عائد پابندیوں کو ہٹایا لیا جائے گا۔
ایران میں ٹوئٹر، فیس بک اور سماجی رابطوں کی دیگر مقبول ویب سائٹس پر پابندی ہے لیکن بہتے سے ایرانی غیر قانونی طریقے سے ان تک رسائی کے بعد انھیں استعمال کرتے ہیں جب کہ ایرانی رہنما بھی اکثر سرکاری بیانات کے لیے ٹوئٹر کا استعمال کرتے ہیں۔