رسائی کے لنکس

اسرائیلی جوڑا مغربی کنارے پر فائرنگ سے ہلاک


یہ حملہ ایسے وقت کیا گیا جب فلسطینیوں اور اسرائیلیوں کے درمیان یروشلم کے ایک مقدس مقام پر تنازع جاری ہے۔

فلسطین میں مغربی کنارے پر اپنے چار بچوں کے ساتھ ایک کار میں سفر کرنے والے ایک اسرائیلی جوڑے کو جمعرات کی ہلاک کر دیا گیا ہے۔

اسرائیل کی فوج نے اس حملے کو ’’بہیمانہ، گھناؤنا اور وحشیانہ‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ فورسز فلسطینی گاؤں بیت فوریک کے قریبی علاقے کی تلاشی لے رہی ہیں۔ فوج نے کہا کہ چار ماہ سے نو سال کی عمروں کے چار بچے اس واقعے میں معمولی زخمی ہوئے ہیں۔

اس حملے سے چند گھنٹے قبل اسرائیلی وزیراعظم نے کہا تھا کہ وہ فلسطینیوں کے ساتھ امن مذاکرات بحال کرنے پر تیار ہیں۔

بینجمن نیتن یاہو نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اپنے خطاب میں کہا تھا کہ وہ ’’فوراً‘‘ اور ’’بغیر پیشگی شرائط کے‘‘ مذاکرات شروع کرنا چاہتے ہیں مگر فلسطینی صدر محمود عباس اس میں دلچسپی نہیں رکھتے۔

یہ حملہ ایسے وقت کیا گیا جب فلسطینیوں اور اسرائیلیوں کے درمیان یروشلم کے ایک مقدس مقام پر تنازع جاری ہے۔

یہودیوں کے مطابق اس مقام پر قدیم زمانے میں ایک یہودی عبادت گاہ تھی جبکہ اس وقت یہاں مکہ اور مدینہ کے بعد مسلمانوں کا تیسرا مقدس ترین مقام مسجد اقصیٰ اور اس سے ملحقہ قبة الصخرہ واقع ہے جہاں سے مسلم عقیدے کے مطابق پیغمبر اسلام نے آسمانوں کا سفر کیا تھا۔

گزشتہ دو ہفتوں کے دوران فلسطینی مظاہرین کی اسرائیلی پولیس کے ساتھ ایک پہاڑی پر واقعہ اس مقام پر جھڑپیں ہوئی ہیں جس سے یروشلم کے مشرق میں واقع عرب علاقوں اور مغربی کنارے میں بدامنی میں اضافہ ہوا ہے۔

XS
SM
MD
LG