رسائی کے لنکس

اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے دو فلسطینی ہلاک


اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ اس کے زیر انتظام جولان کی پہاڑیوں پر ہونے والے ایک دھماکے میں ایک اسرائیلی لڑکا ہلاک ہوگیا۔

اسرائیل کے فوجیوں نے اتوار کو مغربی کنارے کے علاقے میں فائرنگ کر کے دو فلسطینیوں کو ہلاک کردیا جب کہ لاپتا اسرائیلی لڑکوں کی تلاش کے لیے فوجیوں کی کارروائی جاری ہے۔

اسرائیل کا کہنا ہے کہ نابلوس کے علاقے میں ایک فلسطینی اس وقت ہلاک ہوا جب سکیورٹی اہلکاروں کی طرف سے خبردار کرنے کے لیے چلائی گئی گولیوں کے باوجود یہ شخص "خطرے کے طور پر" آگے بڑھتا رہا۔

مرنے والوں کے اہل خانہ نے فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ اس شخص کا دماغی توازن ٹھیک نہیں تھا۔

دوسرا فلسطینی رملہ میں ہونے والی فائرنگ سے ہلاک ہوا۔

تین اسرائیلی لڑکے جن میں سے ایک امریکی شہریت کا حامل ہے، 12 جون کو مغربی کنارے کے جنوبی علاقے سے لاپتا ہوگئے تھے۔ اسرائیل نے حماس پر ان لڑکوں کو اغواء کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔

فلسطین کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ لڑکے مغربی کنارے کے جس علاقے سے لاپتا ہوئے وہاں اسرائیل کی عملداری ہے اور فلسطینی حکام اسرائیل کے ساتھ مل کر ان لڑکوں کی تلاش کے لیے کام کر رہی ہے۔

اسرائیل نے اب تک درجنوں افراد کو بھی حراست میں لیا ہے جن میں اکثریت حماس کے ارکان ہیں۔ فوج کی طرف سے جاری کارروائیوں میں اب تک چار فلسطینی ہلاک ہوچکے ہیں۔

دریں اثناء اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ اس کے زیر انتظام جولان کی پہاڑیوں پر ہونے والے ایک دھماکے میں ایک اسرائیلی لڑکا ہلاک ہو گیا۔

حکام کے مطابق 15 سالہ لڑکا اپنے والد کے ساتھ کام پر جا رہا تھا۔ جو کہ شام کی سرحد کے ساتھ جولان کی پہاڑیوں پر باڑ لگانے کا ٹھیکے دار تھا۔

حکام کا کہنا تھا کہ اتوار کو ہونے والا یہ دھماکا یا تو سڑک میں نصب بم کے پھٹنے سے ہوا یا پھر شام کی طرف سے کوئی مارٹر گولہ داغا گیا۔ دھماکے میں دو لوگ زخمی بھی ہوئے۔
XS
SM
MD
LG