یروشلم کے قدیم شہر کے نزدیک تین فلسطینوں نے ایک خاتون پولیس اہل کار پر حملہ کر کے اسے ہلاک کردیا۔ جس کے بعد وہ سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ میں مارے گئے۔
عہدے داروں کا کہنا ہے کہ جمعے کے روز دمشق گیٹ کے قریب ایک ساتھ دو حملے ہوئے۔ یہ وہ مقام ہے جہاں سے فلسطینی مرد جمعے کے نماز جماعت کے ساتھ پڑھنے کے لیے فصیل کے اندر آباد پرانے شہر میں داخل ہوتے ہیں۔
پہلے واقعہ میں دو فلسطینیوں نے پولیس کے ایک گروپ پر فائرنگ کر دی اور پھر ان پر چاقو سے حملہ کیا۔
دوسرے واقعہ میں ایک تیسرے فلسطینی نے ایک خاتون پولیس اہل کار کو چاقو گھونپ دیا۔
اسرائیل کی سیکیورٹی ایجنسی نے کہا کہ تینوں فلسطینی 18 یا 19 سال کے نوجوان تھے۔ اور تینوں کا تعلق مغربی کنارے کے شہر رملہ کی ایک قریبی دیہات سے تھا۔ اس سے پہلے بھی انہیں دہشت گرد کارروئیوں کے الزام میں پکڑا جا چکا تھا۔
جمعے کے روز ہونے والے حملوں میں مزید افراد زخمی بھی ہوئے۔
اسرائیلی شہریوں اور سیکیورٹی اہل کاروں پر فلسطینیوں کی جانب سے 2015 سے حملوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ان واقعات میں 270 سے زیادہ فلسطینی جوابی کارروائیوں میں مارے جا چکے ہیں جب کہ 40 اسرائیلی یا غیر ملکی بھی ہلاک ہوئے ہیں۔