رسائی کے لنکس

خونریزی بند اور امن کی بحالی میں مدد دی جائے: سیستانی


بغداد میں احتجاجی مظاہرہ۔
بغداد میں احتجاجی مظاہرہ۔

عراق کے چوٹی کے شیعہ عالم دین نے جمعے کے روز حکومت مخالف مظاہرین پر مہلک نوعیت کے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ سلامتی افواج درکار اقدامات نہیں کر رہی ہیں جن سے ملک میں تشدد کی مزید کارروائیوں کو روکا جا سکے اور احتجاج میں کمی لائی جائے۔

اس ہفتے مقتدیٰ الصدر کے حامیوں کے احتجاجی خیموں پر حملوں کے نتیجے میں آٹھ مظاہرین ہلاک ہوئے، جن میں نجف کی زیارات کا شہر بھی شامل ہے، جو عراق کی شیعہ دینی قیادت کا آبائی گڑھ ہے۔

اپنے ہفتہ وار خطبے میں، آیت اللہ علی سیستانی نے خونریزی کے جاری واقعات کو ’’اذیت ناک اور بدنصیبی‘‘ قرار دیتے ہوئے، اس کی مذمت کی ہے۔

انھوں نے کہا کہ سلامتی افواج ملک کو افراتفری کی گہری دلدل میں دھنسنے سے بچانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔

سیستانی نے کہا کہ ’’اس کا کوئی جواز نہیں کہ وہ اپنی ذمہ داری پوری نہ کریں یا کوئی اس کام کی انجام دہی سے روکے‘‘۔

آیت اللہ سیستانی نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ سلامتی اور استحکام کو قائم رکھیں، پرامن مظاہرین اور ان کے اجتماعات کا تحفظ کریں، جارحیت کرنے والوں اور دراندازی کے ذریعے صفوں میں داخل ہونے والوں کی شناخت ظاہر کی جائے اور پرامن شہریوں کے مفادات کو تخریب کاری سے بچانے میں مدد دی جانی چاہیے‘۔

اس سے قبل اسی ہفتے، الصدر نے اپنے حامیوں پر زور دیا تھا کہ وہ اسکولوں، سڑکوں اور سرکاری دفاتر کو دوبارہ کھولنے میں مدد کریں، جنھیں کئی ماہ سے مظاہرین نے بند کرا رکھا ہے۔

اکتوبر میں شروع ہونے والے ان احتجاجی مظاہروں کے دوران تقریباً 490 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جب بغداد اور شیعہ اکثریت والے جنوبی علاقے میں پرتشدد ریلیاں نکالی گئیں، جس کا مقصد سیاسی اشرافیہ میں اصلاحات لانا تھا۔

ہنگامہ آرائی سے نمٹنے کے لیے سیکیورٹی فورسز نے آنسو گیس کا بے دریغ استعمال کیا، گولیاں چلائیں اور مشین گن سے فائر کھولا، جن کی اپنے گزشتہ خطبات میں سیستانی مذمت کر چکے ہیں۔

اس ہفتے مظاہرین نے کہا ہے کہ الصدر کے حامیوں کی جانب سے انھیں نئی دھمکیاں ملی ہیں، جب کہ اس سے قبل وہ احتجاجی تحریک کے حامی رہے ہیں۔

الصدر کے لیے بتایا جاتا ہے کہ گزشتہ اختتام ہفتہ کے بعد سے وہ عراق کے نئے وزیر اعظم کے طور پر محمد علوی کی نامزدگی کی حمایت کر رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG