رسائی کے لنکس

جی سیون ممالک کے سربراہان کا ورچوئل اجلاس، ایران کے حملے کی مذمت

امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے جی سیون ممالک کے ورچوئل اجلاس سے خطاب کیا ہے۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق اس اجلاس میں ایران کے اسرائیل پر حملے کی مذمت کی گئی ہے۔

11:33 14.4.2024

ایرانی حملوں پر بھارت کا ردعمل

بھارت کی وزارتِ خارجہ نے اسرائیل پر ایران کے حملے کے ردعمل میں اپنے بیان میں فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ کشیدگی میں کمی لائیں۔

بھارت کا کہنا ہے کہ اسے ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی کشیدگی پر تشویش ہے جو مغربی ایشیا کے امن اور سیکیورٹی کے لیے خطرہ بن رہی ہے۔

وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ "ہم چاہتے ہیں کہ فوری طور پر کشیدگی میں کمی ہو، تحمل کا مظاہرہ کیا جائے اور تشدد سے ہٹ کر سفارت کاری کا راستہ اپنایا جائے۔ ہم اس صورتِ حال کو قریب سے دیکھ رہے ہیں۔ اس خطے میں ہمارے سفارت خانے بھارتی کمیونٹی سے رابطے میں ہیں۔ یہ ضروری ہے کہ خطے میں سیکیورٹی اور استحکام لایا جائے۔"

10:15 14.4.2024

ایران کے اسرائیل کی طرف بھیجے گئے 99 فی صد ڈرون اور میزائل تباہ کر دیے: اسرائیلی فوج

اسرائیل کی فوج نے کہا ہے کہ ایران کی جانب سے بھیجے گئے99 فی صد ڈرون اور میزائل تباہ کر دیے گئے ہیں۔

اسرائیل کی فوج کے ترجمان ڈینیئل ہگاری نے اتوار کو اپنے بیان میں کہا ہے کہ "ایرانی حملے کو ناکام بنا دیا گیا ہے۔"

دوسری جانب ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے اسرائیل پر حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے دعویٰ کہا ہے کہ ایرانی ڈرونز اور میزائلوں نے اپنے اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا ہے۔

پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ درجنوں میزائلوں اور ڈرونز نے اسرائیلی ملٹری ٹارگٹس کو کامیابی سے نشانہ بنایا اور انہیں تباہ کر دیا۔

تاہم ڈینیئل ہگاری کا کہنا ہے کہ کچھ میزائل اسرائیل کی حدود میں گرے ہیں جن سے ایک فوجی اڈے کو معمولی نقصان پہنچا ہے لیکن کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک بچی زخمی ہوئی ہے اور امید ہے کہ وہ جلد صحت یاب ہو جائے گی۔

10:12 14.4.2024

خطے میں تباہ کن کشیدگی کے خطرے پر تشویش ہے: سیکریٹری جنرل اقوامِ متحدہ

اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے ایران کی جانب سے اسرائیل پر کیے گئے حملے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

اپنے بیان میں گوتریس کا کہنا تھا کہ وہ ایران کے اسرائیل پر بڑے پیمانے پر کیے گئے حملے کی مذمت کرتے ہیں۔

سیکریٹری جنرل اقوامِ متحدہ کا کہنا تھا کہ اُنہیں خطے میں تباہ کن کشیدگی کا خطرہ ہے جسے روکنے کے لیے وہ تمام فریقوں پر زور دیتے ہیں کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں تاکہ کسی بھی ایسی کارروائی سے گریز کیا جائے جو مشرقِ وسطیٰ میں متعدد محاذوں پر بڑے فوجی تصادم کا باعث بن سکتی ہو۔

09:58 14.4.2024

ایران کے اسرائیل پر حملے پر برطانوی وزیرِ اعظم کا ردِعمل

برطانوی وزیرِ اعظم رشی سونک نے ایران کے اسرائیل پر حملے کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے خطے میں مزید عدم استحکام پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

برطانوی وزیرِ اعظم کا مزید کہنا تھا کہ برطانیہ اسرائیل کی سلامتی اور اردن اور عراق سمیت اپنے تمام علاقائی شراکت داروں کی سلامتی کے لیے پرعزم ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہم اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر کشیدگی کو بڑھنے سے روکنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG