رسائی کے لنکس

ایران کا لانگ رینج میزائل حملے سے تحفظ کے لیے دفاعی نظام تیار کرنے کا دعویٰ


ایئر ڈیفنس میزائل سسٹم ’بوار 373‘
ایئر ڈیفنس میزائل سسٹم ’بوار 373‘

ایران نے زمین سے فضا میں طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں کا ایک دفاعی سسٹم متعارف کراتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ یہ نطام انہوں نے مقامی طور پر تیار کیا ہے۔

ایران کے سرکاری ٹی وی پر ’موبائل بوار 373‘ نامی دفاعی میزائل نظام کی تقریب رونمائی کو نشر کیا گیا جس میں ایرانی صدر حسن روحانی بھی شریک تھے۔

ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کا یہ میزائل ڈیفنس سسٹم روس کے ’ایس 300‘ کے مقابل ہے۔

ایران کے وزیرِ دفاع عامر حاتمی نے مقامی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دفاعی نظام 300 کلو میٹر دور سے حملوں کا پتہ لگانے، 250 کلومیٹر کے فاصلے پر حملے کو روکنے اور 200 کلو میٹر کے فاصلے پر ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

اس دفاعی نظام کو ایران کی نیشنل ڈیفنس انڈسٹری کے لیے مختص دن پر متعارف کرایا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ایران پر عائد مختلف پابندیوں کے باعث ایران مقامی طور پر اسلحہ تیار کر رہا ہے۔

یہ دفاعی میزائل سسٹم جمعرات کو ایک ایسے وقت میں متعارف کرایا گیا ہے جب ایران اور امریکہ کے درمیان تعلقات میں کشیدگی مسلسل بڑھ رہی ہے۔

ایران نے رواں سال جون میں زمین سے فضا میں ہدف کو نشانہ بنانے والے ایک میزائل کے ذریعے امریکی ڈرون مار گرایا تھا جس کے بارے میں امریکہ کا دعویٰ تھا کہ وہ بین الاقوامی فضائی حدود میں تھا۔

منگل کو امریکی وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں یاد دہانی کرائی تھی کہ اقوامِ متحدہ کی طرف سے ایران پر لگائی گئی پابندی اکتوبر 2020 میں ختم ہو جائے گی۔

یاد رہے کہ سابق امریکی صدر براک اوباما کے دورِ حکومت میں امریکہ سمیت عالمی طاقتوں نے 2015 میں ایران سے ایک جوہری معاہدہ کیا تھا لیکن موجودہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ سال یک طرفہ طور پر معاہدے سے علیحدگی کا اعلان کر دیا تھا۔

ٹرمپ انتظامیہ ایران سے کشیدہ حالات کے باعث دو ہزار فوجی بھی مشرقِ وسطیٰ میں بھیج چکی ہے جس کا مقصد خطّے میں ایران کی سرگرمیوں پر نظر رکھنا ہے۔

امریکہ مشرقِ وسطیٰ میں اپنے جنگی طیارے تعینات اور فضا میں مار کرنے والے میزائل سسٹم کی تنصیب بھی کر چکا ہے۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ کہہ چکے ہیں کہ وہ ایران سے جنگ نہیں چاہتے لیکن اگر انہیں جنگ پر مجبور کیا گیا تو امریکہ ایسا جواب دے گا جو پہلے کسی نے نہیں دیکھا ہوگا۔

XS
SM
MD
LG