بھارت میں حزبِ اختلاف کی جماعتیں، کاشت کار تنظیمیں اور کسان یونینز پارلیمنٹ کی جانب سے منظور کردہ تین متنازع زرعی بلوں کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔ ان بلوں کے خلاف جمعے کو ملک گیر مظاہرے کیے گئے اور بڑے پیمانے پر احتجاج ہوا۔ مظاہرین نے ملک کے مختلف حصوں میں مرکزی سڑکیں، ہائی ویز اور ریل کی پٹریاں بلاک کر دیں۔ متعدد ریاستوں کی سرحدیں بھی سیل کر دی گئیں جب کہ دارالحکومت نئی دہلی میں پولیس کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔
بھارت: زرعی بلوں کی منظوری کے خلاف ملک گیر احتجاج

1
بھارت میں تقریباً 55 برس پرانے 'ایگریکلچر پروڈیوز مارکیٹنگ کمیٹی قانون' کی رو سے کسان اپنی پیداوار کو ملک کی سرکاری منڈیوں میں کمیشن ایجنٹوں کے ذریعے فروخت کرتے ہیں۔ اس کا مقصد انہیں بڑے ادارہ جاتی خریداروں کے استحصال سے بچانا ہے۔

2
حکومت کا کہنا ہے کہ ان بلوں کی منظوری کے بعد کسانوں کو مزید مواقع حاصل ہوں گے۔ کاشت کاروں کو منڈیوں کے ایجنٹوں سے نجات مل جائے گی۔ کمیشن ایجنٹوں کے کردار کا خاتمہ ہو جانے سے کسانوں اور صارفین دونوں کا فائدہ ہو گا۔

3
حزبِ اختلاف کا الزام ہے کہ زرعی بلوں سے کسانوں کے مفادات متاثر ہوں گے۔ حکومت جس طرح بہت سے سرکاری شعبے نجی کمپنیوں کے ہاتھوں فروخت کر رہی ہے، اسی طرح وہ اب زرعی شعبے کو بھی کارپوریٹ گھرانوں کے ہاتھوں بیچنا چاہتی ہے۔

4
نئے قانون کے مخالفین کا کہنا ہے کہ یہ قوانین کارپوریٹ گھرانوں کو فائدہ پہنچانے کے لیے تیار کیے گئے ہیں۔ وہ یہ خدشہ ظاہر کرتے ہیں کہ رفتہ رفتہ حکومت کی مقرر کردہ کم از کم قیمت کا سلسلہ ختم ہو جائے گا اور زرعی شعبہ نجی کمپنیوں کے ہاتھوں میں چلا جائے گا۔