رسائی کے لنکس

کووڈ کا خطرہ: بھارتی ہوائی اڈوں پر کچھ بین الاقوامی مسافروں کی اسکریننگ شروع


کووڈ کی وبا کے دوران چنائی ایر پورٹ پر میانمار کے مسافر قطار میں۔ فائل فوٹو
کووڈ کی وبا کے دوران چنائی ایر پورٹ پر میانمار کے مسافر قطار میں۔ فائل فوٹو

پڑوسی ملک چین میں کیسز میں اضافے کا حوالہ دیتے ہوئے، بھارت کے وزیر صحت نے جمعرات کو کہا تھاکہ کووڈ کے خطرے کے پیش نظر ملک کے ہوائی اڈوں پر بین الاقوامی مسافروں کی ’رینڈم‘ جانچ شروع کر دی ہے۔

بھارت کی حکومت اس بارے میں بھی غور کر رہی ہے کہ جن ملکوں میں کرونا وائرس کے زیادہ کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں وہاں سے آنے والے مسافروں کے لیے کووڈ کامنفی ٹیسٹ کو لازمی قرار دیا جائے۔

بھارت کے وزیر صحت نے جمعہ کو براڈکاسٹر نیوز ایکس کے ساتھ ایک انٹرویو کے دوران کہا’’اگلے ایک ہفتے میں، ان ممالک کی نشاندہی کر دی جائے گی جہاں آج کل عالمی وبا کے زیادہ مریض سامنے آ رہے ہیں‘‘۔

وزیر منسکھ منڈاویہ نے کہا۔’’وہاں سے جو لوگ بھارت آتے ہیں انہیں اپنی کووڈ۔ 19 کے ٹیسٹ کی رپورٹس اپ لوڈ کرنی ہوں گی جس کے بعد ہی انہیں آنے کی اجازت دی جائے گی‘‘۔

منڈاویہ نے کہا کہ مسافروں کو اپنی رپورٹیں سرکاری ویب سائٹ پر اپ لوڈ کرنی ہوں گی اور لینڈنگ کے وقت تھرمل اسکریننگ سے گزرنا ہوگا۔

منڈاویہ نے جمعرات کو پارلیمنٹ کو بتایا کہ بھارت ، رینڈم طور پر اپنے ہوائی اڈوں پر پہنچنے والے 2 فیصد بین الاقوامی مسافروں کی کووڈ۔19 کے سلسلے میں جانچ شروع کر دے گا۔

یاد رہے کہ بھارت دنیا کا دوسرا ایسا ملک ہے جہاں سب سے زیادہ کرونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔

اس ہفتے کے شروع میں، بھارتی حکومت نے اپنی ریاستوں سے کہا تھا کہ وہ وائرس کی کسی بھی نئی قسم کے ابھرنے پر نظر رکھیں اور چین سمیت دنیا کے دیگر حصوں میں کووڈ۔19 کے بڑھتے ہوئے کیسز کا حوالہ دیتے ہوئے مشورہ دیا تھا کہ وہ لوگوں پرہجوم علاقوں میں ماسک پہننے کی تاکید کریں۔

یہ رپورٹ رائٹرز اور اے پی کی معلومات پر مبنی ہے۔

XS
SM
MD
LG