رسائی کے لنکس

بھارت کا جیش کے مرکز پر حملے کا دعویٰ، پاکستان کی تردید

بھارت نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے خیبر پختونخوا کے علاقے بالاکوٹ میں کشمیر میں سرگرم مسلح تنظیم جیشِ محمد کے ایک کیمپ کو بمباری کرکے تباہ کردیا ہے۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق پیر اور منگل کی درمیانی شب 3:30 بجے کے لگ بھگ 12 بھارتی طیاروں نے لائن آف کنٹرول عبور کرکے پاکستان کی حدود میں کارروائی کی۔

بھارت کی وزارتِ خارجہ نے دعویٰ کیا ہے کہ حملے میں جیشِ محمد کے کئی دہشت گرد، ان کے تربیت کار اور کمانڈر مارے گئے۔

پاکستان نے بھارت کے دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی طیارے صرف تین سے چار میل تک لائن آف کنٹرول کے اندر آئے اور پاک فضائیہ کی بروقت کارروائی پر واپس چلے گئے۔

پاکستان نے بھارت کو سرحد کی خلاف ورزی کا جواب دینے کی دھمکی بھی دی ہے۔

15:13 26.2.2019

'لوگ کہہ رہے تھے کہ شاید جنگ چھڑ گئی ہے'

بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر میں پیر اور منگل کی درمیانی شب جنگی طیاروں کی پروازوں کے باعث خوف و ہراس پھیل گیا۔

سرینگر سے وائس آف امریکہ کے نمائندے یوسف جمیل کے مطابق سرینگر اور وادئ کشمیر کے وسطی اور شمال مغربی علاقوں کے رہائشی پیر اور منگل کی شب درمیانی شب اُس وقت سہم کر رہ گئے جب آسمان جنگی طیاروں کی گھن گرج سے گونج اٹھا۔

لائن آف کنٹرول کے نزدیک واقع علاقوں میں بھی طیاروں کی پروازوں سے خوف و ہراس پھیل گیا۔

فائل فوٹو
فائل فوٹو

سرینگر کی ایک خاتونِ خانہ نصرت نذیر خان نے وی او اے سے گفتگو میں بتایا، "میں اپنے گھر کی نچلی منزل کے کمرے میں سورہی تھی کہ جنگی طیاروں کی کانوں کو چیرنے والی آواز سے اچانک جاگ اٹھی۔ میں سمجھ گئی کچھ ہونے والا ہے یا ہورہا ہے۔ لیکن یہ پتا نہیں تھا کہ فضا میں بھارت کے طیارے ہیں یا پاکستان کے۔ "

سرینگر ہی کے ایک باشندے فاروق احمد درزی نے بتایا، "ان جہازوں کی آواز اتنی زور دار اور ڈراؤنی تھی کہ میں سہم کر رہ گیا۔ کوئی دو گھنٹے کے بعد جب جنگی طیارے آسمان میں ہنوز وقفے وقفے سے اُڑے جا رہے تھے تو میں نے مسجد کا رُخ کیا۔ وہاں بھی نماز سے پہلے اور بعد میں اسی بات کا ذکر ہو رہا تھا۔ اکثر لوگ یہ کہہ رہے تھی کہ شاید (پاک بھارت) جنگ چھڑ چکی ہے۔"

14:57 26.2.2019

'پاکستان اپنی مرضی کے وقت اور جگہ پر جواب دے گا'

پاکستان نے بھارت کو خبردار کیا ہے کہ وہ بھارتی طیاروں کی جانب سے سرحدی خلاف ورزی کا اپنی مرضی کے وقت اور جگہ پر جواب دے گا۔

منگل کو قومی سلامتی کونسل کے اجلاس کے بعد جاری اعلامیے میں بھارت کی کارروائی کو جارحیت قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ بھارتی اقدام نے خطے کے امن اور سلامتی کو سنگین خطرے سے دوچار کردیا ہے۔

اجلاس نے بالاکوٹ کے نزدیک دہشت گردوں کے مرکز کو نشانہ بنانے اور اس میں بڑے پیمانے پر ہلاکتوں کے بھارت کے دعوے کو مسترد کردیا اور کہا کہ بھارت جس علاقے میں کارروائی کا دعویٰ کر رہا ہے وہاں عالمی برادری خود آکر زمینی حقائق کا مشاہدہ کرے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ صورتِ حال پر قوم کو اعتماد میں لینے کے لیے حکومت نے پارلیمان کا مشترکہ اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ وزیرِ اعظم نے نیشنل کمانڈ اتھارٹی کا اجلاس بھی منگل کو طلب کرلیا ہے۔

فائل فوٹو
فائل فوٹو

حکومتِ پاکستان نے مقامی اور بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو اس علاقے کا دورہ کرانے کا بھی اعلان کیا ہے جہاں بھارت نے کارروائی کا دعویٰ کیا ہے۔

اجلاس نے قرار دیا کہ بھارت نے پاکستان پر حملے کا ڈھونگ داخلی انتخابی صورتِ حال کے پیشِ نظر رچایا ہے۔

اعلامیے کے مطابق وزیرِ اعظم پاکستان نے ملک کی مسلح افواج اور عوام کو ہر طرح کی صورتِ حال کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی ہے اور بھارت کے غیر ذمہ دارانہ رویے پر بین الاقوامی برادری سے رابطے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

سرکاری بیان کے مطابق منگل کو ہونے والے اجلاس کی صدارت وزیرِ اعظم عمران خان نے کی جس میں خارجہ، دفاع، خزانہ کے وزرا، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف اور بری، بحری اور فضائی افواج کے سربراہان اور دیگر اعلیٰ سول اور فوجی حکام نے شرکت کی۔

14:41 26.2.2019

پاکستانی وزرا تین بجے پریس کانفرنس کریں گے

پاکستان کے دفترِ خارجہ کے ترجمان محمد فیصل نے ٹوئٹر پر کہا ہے کہ وزیرِ دفاع اور وزیرِ خزانہ منگل کی سہ پہر تین بجے دفترِ خارجہ میں پریس کانفرنس کریں گے۔

اس سے قبل وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے صحافیوں سے مختصر بات چیت میں بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی مذمت کی تھی اور کہا تھا کہ پاکستان اس کا جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

14:38 26.2.2019

'بھارت محفوظ ہاتھوں میں ہے'

بھارت کے وزیرِ اعظم نریندر مودی نے عوام کو یقین دلایا ہے کہ اُن کا ملک محفوظ ہاتھوں میں ہے۔

منگل کو راجستھان میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی وزیرِ اعظم نے کہا کہ وہ بھارت کو کسی کے ہاتھوں مٹنے اور جھکنے نہیں دیں گے۔

فائل فوٹو
فائل فوٹو

نئی دہلی سے ہمارے نمائندے سہیل انجم کے مطابق وزیرِ خارجہ سشما سوراج منگل کی شام پانچ بجے کل جماعتی اجلاس کی صدارت کریں گی جس میں پاکستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کے خلاف بھارت کی کارروائی پر بات ہوگی۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG