رسائی کے لنکس

جنرل باجوہ نے کہا کہ فضل الرحمٰن کا نام نہ بگاڑا کریں: عمران خان


وزیرِ اعظم عمران خان نے لوئر دیر میں جلسے سے خطاب کیا۔
وزیرِ اعظم عمران خان نے لوئر دیر میں جلسے سے خطاب کیا۔

پاکستان کے وزیرِ اعظم عمران خان نے تحریک عدمِ اعتماد سے ایک روز قبل اسلام آباد کے ڈی چوک پر جلسے کا اعلان کر دیا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ عوام کا سمندر ڈی چوک پر یہ پیغام دینے آئے گا کہ وہ ضمیر فروشی کی اجازت نہیں دیں گے۔

جمعے کو لوئر دیر میں جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم ایک بار پر حزبِ اختلاف پر خوب گرجے برسے۔ان کا کہنا تھا کہ وہ خود چاہتے تھے کہ اپوزیشن اُن کے خلاف عدمِ اعتماد لائے۔

جلسے کے دوران عمران خان نے آرمی چیف کے ساتھ ہونے والی گفتگو کا بھی تذکرہ کیا۔ ان کے بقول "آرمی چیف جنرل باجوہ نے مجھ سے کہا کہ آپ فضل الرحمٰن کو ڈیزل نہ کہا کریں جس پر میں نے کہا اُنہیں تو عوام ڈیزل کہتے ہیں۔"

وزیرِ اعظم نے سابق صدر آصف زرداری، شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمٰن کو 'تھری سٹوجز' قرار دیتے ہوئے کہا کہ تحریکِ عدم اعتماد کے دن وہ ایک ہی ان سوئنگر سے تینوں کو کلین بولڈ کر دیں گے۔

عمران خان کے خلاف اپوزیشن جماعتوں نے تحریکِ عدم اعتماد قومی اسمبلی میں جمع کرا رکھی ہے۔
عمران خان کے خلاف اپوزیشن جماعتوں نے تحریکِ عدم اعتماد قومی اسمبلی میں جمع کرا رکھی ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ تحریکِ عدم اعتماد کی ناکامی کے بعد وہ ان تینوں اپوزیشن رہنماؤں کو نہیں چھوڑیں گے۔

وزیرِ اعظم کے مطابق مولانا فضل الرحمٰن کہتے ہیں کہ وہ فوج میں اصلاحات لائیں گے۔ اصل میں یہ فوج کو کمزور کرنا چاہتے ہیں اور سب جانتے ہیں کہ پاکستان میں ایک ہی ادارہ ہے جس کی وجہ سے ملک بچا ہوا ہے۔

عمران خان کے بقول شام، ایران، عراق، افغانستان اور جہاں جہاں فوج کمزور تھی وہاں مسلمانوں کے ساتھ جو کچھ ہوا وہ سب کے سامنے ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان کی تیزی سے بدلتی ہوئی صورتِ حال اور سیاست دانوں کے ایک دوسرے کے خلاف تندو تیز بیانات پر پاکستان کی فوج نے بھی جمعرات کو ردِعمل دیا تھا۔

افواجِ پاکستان کے ترجمان میجر جنرل بابر افتحار نے ایک بیان میں کہا تھا کہ فوج کو سیاسی معاملات میں گھسیٹنے سے گریز کیا جائے۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے اپنے خلاف تحریکِ عدم اعتماد آنے کے بعد اپوزیشن رہنماؤں کے خلاف اپنا لب و لہجہ سخت کر دیا ہے۔

اپوزیشن رہنما تحریکِ عدم اعتماد کی کامیابی کے لیے دیگر اتحادی جماعتوں سے رابطے کر رہے ہیں وہیں حکمراں جماعت کے ناراض دھڑے بھی کھل کر سامنے آ گئے ہیں۔

'عمران خان اُوچھے ہتھکنڈوں پر اُتر آئے ہیں'

عمران خان کی تقریر پر ردِعمل دیتے ہوئے قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف شہباز شریف کا کہنا تھا کہ تحریکِ عدم اعتماد آنے کے بعد وزیرِ اعظم اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں۔

جمعے کو اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پونے چار سال سے عمران خان اپوزیشن رہنماؤں کو چور، ڈاکو کہہ رہے ہیں لیکن اپنی بہن کے کرپشن معاملات کا جواب دینے سے قاصر ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان اپنی زبان کو لگام دیں ورنہ ہمیں لگام دیناآتی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان ماضی میں فوج کے خلاف جو کچھ کہتے رہے ہیں وہ ریکارڈ کا حصہ ہے۔

XS
SM
MD
LG