نیشنل ہریکین سینٹر نے بتایا ہے کہ وسطی خلیج میکسیکو میں ہفتے کے روز سمندری طوفان 'نیٹ' نے شدت اختیار کر لی ہے، اور اس کا رُخ امریکی خلیج کے ساحل کی جانب مُڑ گیا ہے، جو متوقع طور پر آج شام گئے ساحل سے ٹکرائے گا۔
پہلے ہی طوفان کی شدت بڑھتے بڑھتے 135 کلومیٹر فی گھنٹا ہو چکی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ طوفان میں مزید تیزی آئے گی اور یہ خلیج کے شمالی ساحل سے زور سے ٹکرائے گا۔
لوزیانہ سے الاباما اور فلوریڈا سرحد تک کے مکینوں کو سمندری طوفان اور جھکڑ چلنے کا انتباہ جاری کیا گیا ہے۔ طوفان کے راستے میں نیو اورلینز، لوزیانہ آجاتے ہیں جہاں 2005ء میں سمندری طوفان قطرینہ نے بڑے پیمانے پر تباہی پھیلائی تھی۔
'نیٹ' کی متوقع شدت کے پیشِ نظر، لوزیانہ کے ساحلی علاقے سینٹ برنارڈ پارش اور نیو اورلینز کے شمالی علاقے کے مکینیوں کو جمعے کے روز علاقہ خالی کرنے کے لیے کہا گیا تھا۔
فلوریڈا کی 29 کائونٹیز، مسی سیپی کی جنوب میں واقع دوردراز واقع چھ کائونٹیز اور نیو اورلینز کے علاقے میں ہنگامی صورت حال نافذ کر دی گئی ہے۔
صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ہنگامی حالت کا اعلان جاری کیا ہے جس کے تحت طوفان کی تباہ کاری سے بچنے کے لیے وفاقی امداد کا بروقت بندوبست کیا جائے گا۔
نیٹ منطقہ حارہ سے تعلق رکھنے والا طوفان ہے، جس میں ایک ہفتے کے اوائل میں کم از کم 25 افراد ہلاک ہوچکے ہیں، جوں جوں یہ وسطی امریکی بر اعظم سے گزرا اس کی شدت میں اضافہ آتا گیا۔
امریکی محکمہ خارجہ نے جمعے کی رات گئے ایک بیان میں کہا ہے کہ ''ہم نکاراگوا، کوسٹا ریکا اور ہندوراس کے عوام کو درپیش تکلیف کے وقت میں اُن کے ساتھ کھڑے ہیں، جنھیں سمندری طوفان نیٹ سے نقصان پہنچا ہے، اور ہم جانی نقصان پر لواحقین سے تعزیت کرتے ہیں، اور ہم درکار اعانت کی فراہمی کے کام میں مدد دینے کے لیے تیار ہیں''۔