پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بالر حارث رؤف انجری کے باعث انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)کے مطابق حارث رؤف پٹھوں کے تناؤ کا شکار ہیں جس کی وجہ سے وہ انگلینڈ کے خلاف سیریز بقیہ دو ٹیسٹ میچز میں ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔
پی سی بی کا بتانا ہے کہ فاسٹ بالر لاہور کے نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں ری ہیب کریں گے۔
اس سے قبل پی سی بی کے میڈیکل اسٹاف نے حارث رؤف کی انجری کا جائزہ لیا تھا اور انہیں آرام کا مشورہ دیا تھا۔
حارث رؤف نے انگلینڈ کے خلاف راولپنڈی ٹیسٹ سے اپنے ٹیسٹ کریئر کا آغاز کیا تھا اورڈیبیو میچ کی پہلی اننگز میں ہی انجری کا شکار ہو گئے تھے۔
اس میچ میں حارث رؤف نے 13 اوورز کیے تھے اور ایک وکٹ حاصل کی تھی۔
راولپنڈی ٹیسٹ میں انگلینڈ نے میزبان پاکستان کو 74 رنز سے شکست دے کر تین میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کی تھی۔ اس ٹیسٹ میں ناکامی کا ذمے دار پاکستان کی ناقص اور ناتجربہ کار بالنگ کو قرار دیا جا رہا ہے۔
حارث رؤف کے سیریز سے آؤٹ ہو جانے کے بعد اب تک یہ واضح نہیں ہے کہ ان کی جگہ کس کھلاڑی کو ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔ البتہ فاسٹ بالر محمد وسیم جونیئر اور آل راؤنڈر فہیم اشرف ممکنہ طور پر مضبوط ترین امیدوار ہیں۔
پاکستان کے پاس دیگر ریزرو کھلاڑیوں میں آل راؤنڈر محمد نواز، نعمان علی، شان مسعود، سرفراز احمد اور ابرار احمد شامل ہیں۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا دوسرا میچ 9 دسمبر سے ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہو گا۔