رسائی کے لنکس

پاکستان سے عازمین حج کی روانگی جمعرات سے شروع ہوگی


فضائی کمپنی کا قبل از حج آپریشن 28 اگست کو شروع ہوکر 28 ستمبر کو ختم ہوگا،جبکہ بعدازں حج آپریشن اکتوبر کے پہلے عشرے میں شروع ہوگا۔54 ہزار عازمین حج پی آئی اے کی 112خصوصی حج پروازوں کے ذریعے کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور ، کوئٹہ اور دیگر شہروں سے سعودی عرب پہنچیں گے

کراچی ... پاکستانی شہریوں کی ادائیگی حج کے لئے سعودی عرب روانگی کل یعنی جمعرات28اگست سے شروع ہو رہی ہے۔وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار یوسف کے مطابق اس سال مجموعی طور پر1 لاکھ 43 ہزار 663 پاکستانی عازمین، حج ادا کریں گے ۔ ان میں سے 86ہزار عازمین پرائیویٹ جبکہ 57ہزار عازمین ،سرکاری کوٹے کے تحت حجاز مقدس پہنچیں گے۔

پاکستان کی قومی ائیرلائن’پی آئی اے‘ کے منیجنگ ڈائریکٹر، شاہ نواز رحمٰن کے مطابق فضائی کمپنی کا قبل از حج آپریشن 28اگست کو شروع ہوکر 28ستمبر کو ختم ہوگا، جبکہ بعد از حج آپریشن اکتوبر کے پہلے عشرے میں شروع ہوگا۔

ان کے مطابق 54ہزار عازمین حج پی آئی اے کی 112خصوصی حج پروازوں کے ذریعے کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور ، کوئٹہ اور دیگر شہروں سے سعودی عرب پہنچیں گے۔ پہلی پرواز جمعرات کی شام سات بجے کراچی سے 300سے زائد عازمین جبکہ دوسری پروز500سے زائد عازمین حج کو لیکر رات 8بجے روانہ ہوگی۔

کرایوں میں 23 ہزار روپے کی کمی
وفاقی وزیر سردار یوسف کا کہنا ہے کہ پچھلے سال کے مقابلے میں اس بار حج کرایوں میں 23ہزار روپے کی کمی کی گئی ہے۔ ادھر ڈائریکٹر حج قاضی سمیع الرحمٰن کا کہنا ہے کہ عازمین اپنے ہمراہ لے جانے والی ادویات سیل کرانے، دستاویزات اور ٹکٹ و پاسپورٹ کے حصول کے لئے پرواز کی روانگی سے دو دن قبل حاجی کیمپ میں رپورٹ کریں۔

دوسری جانب سعودی حکومت نے بھی عازمین حج کے لئے تمام سہولیات فراہم کردی ہیں۔ اس بار سے سعودی عرب میں قیام کے دوران عازمین ٹول فری نمبر پر مفت کال کرسکیں گے۔

اس بار بھی سعودی عرب میں سیکورٹی کے غیر معمولی اور سخت حفاظتی اقدامات کئے گئے ہیں۔ یکم ذی الحج سے 15 ذی الحج تک مکہ، منیٰ، مزدلفہ، عرفات سمیت دیگر اہم مقامات کی سیکورٹی پر ایک لاکھ سے زائد اہلکار تعینات کئے جا رہے ہیں۔

حجاج کی آمد کے باعث سعودی عرب کے تمام ایئر پورٹس پر محکمہ صحت کی جانب سے خصوصی کاؤنٹر لگائے گئے ہیں، جہاں آنے والے حجاج کے میڈیکل سر ٹیفکیٹ چیک ہوں گے، جن افراد کے پاس حفاظتی ٹیکوں اور پولیو کے سر ٹیفکیٹ موجود نہیں ہوں گے انہیں ایئر پورٹ پر ہی ادویات فراہم کی جائیں گی۔

حج سے ساڑھے آٹھ ارب ڈالرز کی آمدنی متوقع
سعودی عرب کو رواں سال اکتوبر میں حج سے 8.5 ارب ڈالر آمدنی متوقع ہے۔مکہ چیمبر آف کامرس کا کہنا ہے کہ اس مرتبہ تقریبا 20 لاکھ مسلمان مکہ آئیں گے جس کی وجہ سے آمدنی پچھلے سال کی نسبت تین فیصد زیادہ ہوگی۔

چیمبر آف کامرس مکہ کی جانب سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں کہا گیا کہ 19 لاکھ 80 ہزار حاجیوں میں سے 13 لاکھ 80 ہزار (ستر فیصد) حاجی بیرون ملک سے آئیں گے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ بیرون ملک سے آنے والا ایک حاجی حج کے پانچ دنوں میں اوسطاً 17381ریال جبکہ مقامی حاجی 4948 ریال خرچ کرے گا۔ ان اخراجات میں خوارک، رہائش، تحائف اور فون بل شامل ہیں۔

سعودی عرب ہر سال عمرہ کرنے والے لاکھوں مسلمانوں کی میزبانی بھی کرتا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس سال رمضان کے دوران تقریباً 60 لاکھ سے زائد افراد نے عمرہ ادا کیا۔

XS
SM
MD
LG