رسائی کے لنکس

غزہ: حماس، اسلامی جہاد کے رہنماؤں کی گاڑیوں میں دھماکے


اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکوں کے نتیجے میں کم از کم دو افراد زخمی ہوئے ہیں۔

فلسطین کے علاقے غزہ میں مزاحمتی تنظیم حماس اور اسلامی جہاد کے ارکان کی گاڑیوں میں ہونے والے دھماکوں میں کم از کم دو افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

غزہ کی وزارتِ داخلہ کے مطابق دھماکے اتوار کو علی الصباح ضلعے الشیخ رضوان میں مختلف مقامات پر کھڑی پانچ گاڑیوں میں ہوئے۔

پولیس حکام اور عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ جن گاڑیوں میں بم نصب کیے گئے تھے ان کے مالکان فلسطینی مزاحمتی تنظیموں حماس اور اسلامی جہاد کے سرگرم ارکان ہیں۔

اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکوں کے نتیجے میں کم از کم دو افراد زخمی ہوئے ہیں۔

تاحال کسی نے دھماکوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے لیکن مغربی ذرائع ابلاغ نے قیاس ظاہر کیا ہے کہ یہ کارروائی عسکریت پسند فلسطینی دھڑوں کی باہمی مخاصمت کا نتیجہ ہوسکتی ہے۔

لیکن اسرائیلی اخبار 'ہاریٹز' نے اپنی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ فلسطینی حکام کو شبہ ہے کہ مذکورہ کارروائی میں شدت پسند تنظیم داعش ملوث ہوسکتی ہے۔

XS
SM
MD
LG