رسائی کے لنکس

سیلاب متاثرین علاقوں میں وبائی امراض سے ہزاروں افراد متاثر، امداد کے لیے احتجاج

سندھ کے سیلاب زدہ علاقوں میں وبائی امراض تیزی سے پھیلنے لگے۔ رپورٹس کے مطابق وبائی امراض کے سبب اب تک 12 ہزار افراد کو سانس، سینے اور دمے کے عوارض کے ادویہ فراہم کی گئی ہیں۔ دوسری جانب سندھ کے سیلاب زدہ علاقوں میں امداد نہ ملنے پر احتجاج اور مظاہرے کیے جا رہے ہیں۔

10:10 31.8.2022

وزیرِ اعظم شہباز شریف آج سیلاب سے متاثرہ سوات اور لوئر کوہستان کا دورہ کریں گے

وزیرِ اعظم شہباز شریف آج سیلاب سے متاثرہ صوبہ خیبر پختونخوا کے اضلاع سوات اور لوئر کوہستان کا دورہ کریں گے۔

وزیرِ اعظم آفس سے جاری ایک بیان کے مطابق وزیرِ اعظم ضلع سوات میں کالام اور کانجو جب کہ ضلع لوئر کوہستان کے علاقے پتن جائیں گے۔

10:17 31.8.2022

عالمی اداروں نے بھارت سے خوراک کی درآمد کی اجازت کے لیے حکومت سے رابطہ کیا ہے: مفتاح اسماعیل

وزیرِ خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ ایک سے زائد عالمی اداروں نے بھارت سے اشیا خور و نوش کی بذریعہ سڑک درآمد کی اجازت کے لیے حکومت سے رابطہ کیا ہے۔

مفتاح اسماعیل نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ حکومت اپنے اتحادیوں سمیت اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد فیصلہ کرے گی کہ بھارت سے اشیا کی درآمد کی اجازت دی جائے یا نہیں۔

واضح رہے کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب سے پاکستان میں پیاز، ٹماٹر سمیت دیگر کئی اہم فصلیں بری طرح متاثر ہوئی ہیں جس کے پیشِ نظر ان اشیا کے بحران کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

12:42 31.8.2022

بھارت سے تجارت بحال کرنا کشمیر کاز پر سمجھوتے کے مترادف ہو گا: علی محمد خان

پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما علی محمد خان کا کہنا ہے کہ کوئی بھی بہانہ بنا کر حکومت کا بھارت سے تجارت بحال کرنا کشمیر کاز پر سمجھوتے کے مترادف ہو گا۔

انہوں نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ بھارت سے تجارت قوم کو کسی بھی صورت قبول نہیں۔

ان کا یہ بیان وزیرِ خزانہ مفتاح اسماعیل کے اس بیان کے بعد سامنے آیا ہے جس میں ان کا کہنا تھا کہ سیلاب کے باعث اجناس کے بحران کے پیشِ نظر ایک سے زائد عالمی تنظیموں نے بھارت سے اشیا کی پاکستان درآمد کے لیے حکومت سے اجازت طلب کی ہے۔

علی محمد خان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت پہلے کشمیر کی پانچ اگست سے پہلے والی آئینی حیثیت بحال کرے پھر آگے بات بڑھے گی۔

14:21 31.8.2022

صدر عارف علوی کا سیلاب سے متاثرہ ضلع نوشہرہ کا دورہ

صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے سیلاب سے متاثرہ خیبر پختونخوا کے ضلع نوشہرہ کا دورہ کیا جہاں حکام نے انہیں مردان پل پر سیلاب کی صورتِ حال سے متعلق بریفنگ دی۔

صدر مملکت نے صوبائی حکومت کو ہدایت کی کہ سیلاب متاثرین کی بحالی اور ان کے گھروں کی دوبارہ تعمیر کے لیے اقدامات کی رفتار مزید تیز کی جائے۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG