رسائی کے لنکس

سیلاب متاثرین علاقوں میں وبائی امراض سے ہزاروں افراد متاثر، امداد کے لیے احتجاج

سندھ کے سیلاب زدہ علاقوں میں وبائی امراض تیزی سے پھیلنے لگے۔ رپورٹس کے مطابق وبائی امراض کے سبب اب تک 12 ہزار افراد کو سانس، سینے اور دمے کے عوارض کے ادویہ فراہم کی گئی ہیں۔ دوسری جانب سندھ کے سیلاب زدہ علاقوں میں امداد نہ ملنے پر احتجاج اور مظاہرے کیے جا رہے ہیں۔

14:27 29.8.2022

’جہاں بھی جائیں پانی ہی پانی نظر آ رہا ہے‘

پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا اور جنوبی پنجاب میں جہاں بھی جائیں، پانی ہی پانی نظر آ رہا ہے۔

خیبر پختونخوا کے سیلاب زدہ علاقوں کے دورے میں چارسدہ میں صحافیوں سے گفتگو میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے فوری طور پر فیصلہ کیا ہے کہ 28 ارب روپے کی مدد سے متاثرین کی مدد کی جائے۔ سیلاب سے متاثرہ ہر خاندان کو 25، 25 ہزار روپے دیے جائیں گے۔ یہ رقوم بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت دی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب میں لاکھوں گھر برباد ہو گئے ہیں۔ فصلیں تباہ ہوئی ہیں جن میں کپاس، کھجور اور دیگر فصلیں شامل ہیں۔ پل پانی مں بہہ گئے ہیں۔

وزیرِ اعظم کا مزید کہنا تھا کہ سیلاب سے تین کروڑ 30 لاکھ متاثر ہو چکے ہیں۔ ایک ہزار سے زائد اموات ہوئی ہیں۔

پاکستان کی فوج کا ذکر کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ فوج نے ریسکیو آپریشن میں لگ بھگ دو لاکھ افراد کو ہیلی کاپٹرز اور کشتیوں سے محفوظ مقامات پر منتقل کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دوست ممالک ایران، ترکی اور متحدہ عرب امارات پاکستان کے لیے امداد کا اعلان کر چکے ہیں۔ گزشتہ دو دن میں جہازوں کے ذریعے امدادی سامان پاکستان پہنچنا شروع ہو گیا ہے۔ برطانیہ اور عالمی ادارے بھی امداد دے رہے ہیں۔

14:52 29.8.2022

سیلاب میں پھنسے شخص کو ریسکیو کر لیا گیا

پاکستان کی فوج کے ہیلی کاپٹر نے کوہستان میں سیلابی ریلے میں پھنسے ایک شخص کو ریسکیو کر لیا۔

موبائل فون سے بنائی گئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک شخص بپھرے سیلابی ریلے میں پھنسا ہوا ہے، جسے ریسکیو کرنے کے لیے فوج کا ہیلی کاپٹر نیچے آتا ہے۔ ہیلی کاپٹر دیکھتے ہی پتھر پر منتظر شخص فوراً ہیلی کاپٹر پر چڑھ جاتا ہے۔

پاکستان کو جون سے شروع ہونے والی مون سون کی شدید بارشوں کے بعد سیلابی صورتِ حال کا سامنا ہے۔

ملک کے مختلف حصوں میں سیلاب کی وجہ سے ایک ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ تین کروڑ 30 لاکھ سے زائد آبادی متاثر ہوئی ہے۔

09:17 30.8.2022

سیلاب سے بے گھر ہونے والے پانچ لاکھ افراد خیموں میں رہ رہے ہیں

ضلع نوشہرہ میں سیلاب سے بے گھر ہونے والے افراد کو خیمہ بستیوں میں پناہ دی گئی ہے۔
ضلع نوشہرہ میں سیلاب سے بے گھر ہونے والے افراد کو خیمہ بستیوں میں پناہ دی گئی ہے۔

پاکستان میں آنے والے تباہ کن سیلاب سے تقریباً پانچ لاکھ افراد بے گھر ہوکر خیموں میں رہنے پر مجبور ہیں۔

خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ سیلاب سے اب تک ایک ہزار 136 افراد ہلاک ہوئے ہیں جب کہ تقریباً 10 لاکھ گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔

حکام کے مطابق لگ بھگ چارلاکھ 98 ہزار لوگ بے گھر ہونے کے بعد ریلیف کیمپوں میں موجود ہیں۔ جب کہ یہ خیال کیا جا رہا ہے کہ بہت سے لوگ اپنے رشتے داروں، دوستوں یا باہر رہ رہے ہیں۔

10:02 30.8.2022

حکومت کا نیشنل فلڈ رسپانس اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر قائم کرنے کا فیصلہ

فائل فوٹو
فائل فوٹو

وزیرِاعظم پاکستان شہباز شریف نے سیلاب کی تباہ کاری پر ادارہ جاتی ردِعمل فراہم کرنے کے لیے نیشنل فلڈ رسپانس اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

ٹوئٹر پر پیر کو اپنے ایک بیان میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملک میں سیلاب کی صورتِ حال پر اجلاس ہوا جس میں اس سیںٹر کے قیام کی منظوری دی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ اس سینٹر کی سربراہی وزیرِاعظم خود کریں گے جب کہ اس میں وفاقی وزرا، مسلح افواج کے نمائندے، وزرائے اعلیٰ اور ماہرین شامل ہوں گے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ یہ مرکز قدرتی آفات سے نمٹنے والے حکام، عطیات دہندگان اور حکومتی اداروں کے درمیان ایک پل کا کام کرے گا۔ یہ مرکز تازہ معلومات اکٹھی کرے گا اور جائزے کے بعد اسے متعلقہ سرکاری محکموں کو ارسال کرے گا۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG