رسائی کے لنکس

سیلاب متاثرین علاقوں میں وبائی امراض سے ہزاروں افراد متاثر، امداد کے لیے احتجاج

سندھ کے سیلاب زدہ علاقوں میں وبائی امراض تیزی سے پھیلنے لگے۔ رپورٹس کے مطابق وبائی امراض کے سبب اب تک 12 ہزار افراد کو سانس، سینے اور دمے کے عوارض کے ادویہ فراہم کی گئی ہیں۔ دوسری جانب سندھ کے سیلاب زدہ علاقوں میں امداد نہ ملنے پر احتجاج اور مظاہرے کیے جا رہے ہیں۔

13:02 29.8.2022

فرانس کے صدر کا پاکستان کے وزیرِ اعظم کو فون

فرانس کے صدر ایمانوئل میخواں نے سیلاب سے متاثرہ پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف کا ٹیلی فون کال کی ہے۔

ایمانوئل میخواں کا سوشل میڈیا پر ایک بیان میں کہنا تھا کہ پاکستان میں عوام ایک بدترین سیلاب کا سامنا کر رہے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سیلاب کے سبب بے شمار لوگ لاپتا ہوئے ہیں اور ایک آبادی کا ایک بڑا حصہ متاثر ہوا ہے۔

انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ فرانس پاکستان کی مدد کے لیے تیار ہے۔

دوسری جانب پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ وہ فرانس کے صدر کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے پاکستان کے عوام سے اظہار یکجہتی کیا ہے اور مدد کی پیش کش کی ہے۔

13:06 29.8.2022

وزیرِ اعظم شہباز شریف کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ

پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف مسلسل سیلاب زدہ علاقوں کے دورے کر رہے ہیں اور پیر کو بھی انہوں نے خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں کو دورہ کیا ہے۔

وزیرِاعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق سیلاب زدہ علاقوں میں نقصانات کا جائزہ اور متاثرین سے ملاقات کے لیے شہباز شریف نوشہرہ گئے ہیں۔

واضح رہے کہ اتوار کو شہباز شریف نے بلوچستان کے علاقے جعفر آباد کا دورہ کیا تھا۔

وزیرِ اعظم کو ان دوروں کے دوران سیلاب کی صورتِ حال اور امدادی کارروائیوں پر تفصیلی بریفنگ بھی دی جا رہی ہے۔

وفاقی حکومت کی جانب سے وزیرِاعظم سیلاب متاثرین میں امدادی چیکس بھی تقسیم کر رہے ہیں۔

خیبر پختونخوا کے دورے میں شہباز شریف نے مردان پل پر دریائے کابل میں سیلابی صورتِ حال کا بھی جائزہ لیا۔

13:34 29.8.2022

شیخ رشید کی وزیرِ اعظم شہباز شریف پر تنقید

پاکستان کے سابق وزیرِ داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہر 10 برس بعد سیلاب آتا ہے لیکن حکومت اس سیلاب سے نمٹنے کی استعداد نہیں رکھتی۔

سوشل میڈیا پر ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ دنیا نے سیلابی پانی کو کنٹرول کرنے کے لیے ڈیم بنائے جب کہ پاکستان میں غریبوں کی بستیوں کو ڈیم بنا دیا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ چار ماہ قبل تک وفاق میں تحریکِ انصاف کی حکومت تھی جس میں چار سال تک شیخ رشید احمد وفاقی کابینہ کا حصہ رہے تھے اور جب حکومت ختم ہوئی تو ان کے پاس وزارتِ داخلہ کا قلم دان تھا۔

شیخ رشید احمد نے شہباز شریف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وزیرِ اعظم سیکیورٹی کے ہمراہ روزانہ بچوں کے ساتھ اسٹائل بنا کر تصاویر بنواتے ہیں جب کہ متاثرہ عوام کے لیے اسکول اور شاہراہیں ہیں اور ٹینٹ نایاب ہیں۔

قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے کا ذکر کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ

نیشنل ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی خود مسائل کی شکار ہے، وہ کیا عوام کے مسائل حل کرے گی؟

13:42 29.8.2022

یو اے ای کی سیلاب متاثرین کے لیے امداد

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے پاکستان کے سیلاب زدہ علاقوں میں متاثرین کی مدد کے لیے مزید امداد فراہم کر دی ہے۔

اسلام آباد میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حمد عبید الزعابی نے امدادی سامان پاکستان کے حکام کےحوالے کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر احسن اقبال بھی موجود تھے۔

یو اے ای سے امدادی سامان خصوصی طیارے کے ذریعے لایا گیا۔ امارات کے اسلام آباد میں سفارت خانے کے بیان کے مطابق ہنگامی امداد میں كئی ٹن کھانے پینے کی اشیا، ادویات اور متاثرین کی پناہ کے لیے خیمے شامل ہیں۔

امارات کے سفیر حمد عبید الزعابی کا کہنا تھا کہ یو اے ای سیلاب اور بارشوں کی موجودہ صورتِ حال میں برادر ملک اسلامی جمہوریہ پاکستان اور اس کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG