رسائی کے لنکس

دبئی کی 86 منزلہ رہائشی عمارت میں آتشزدگی


دبئی کے سول ڈیفنس محکمے کے مطابق آگ بجھانے والے عملے کے افراد نے لگ بھگ ڈھائی گھنٹے کی محنت کے بعد آگ پر قابو پالیا۔

دبئی میں واقع دنیا کی چند بلند ترین رہائشی عمارات میں سے ایک 'ٹارچ ٹاور' میں لگی آگ بجھادی گئی ہے۔

حکام کے مطابق 86 منزلہ ٹارچ ٹاور میں جمعے کو رات گئے آگ بھڑک اٹھی تھی جس نے عمارت کی 40 سے زائد بالائی منزلوں کو ایک جانب سے اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔

دبئی کے سول ڈیفنس محکمے کے مطابق آگ بجھانے والے عملے کے افراد نے لگ بھگ ڈھائی گھنٹے کی محنت کے بعد آگ پر قابو پالیا۔

محکمے کے مطابق عمارت کو ٹھنڈا کرنے کا کام بدستور جاری ہے جس میں کچھ وقت لگے گا۔

آگ لگنے کے فوراً بعد ہی عمارت کو مکینوں سے خالی کرالیا گیا تھا جس کے باعث حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

آتشزدگی کے دوران عمارت کی متاثرہ منزلوں کا ملبہ نیچے گرتا رہا۔ آگ پر مکمل قابو پائے جانے کے بعد بھی پولیس نے عمارت کی طرف آنے جانے والے راستے بند کر رکھے ہیں تاکہ متاثرہ منزلوں سے نیچے گرنے والے ملبے کے باعث کسی ممکنہ حادثے کو روکا جاسکے۔

دبئی کے معروف مرینا ڈسٹرکٹ میں واقع ٹارچ ٹاور میں آتشزدگی کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ اس سے قبل 335 میٹر بلند اس عمارت میں فروری 2015ء میں بھی آگ بھڑک اٹھی تھی لیکن اس وقت بھی کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔

حالیہ کچھ برسوں کے دوران دبئی کی کئی بلند و بالا عمارتوں میں آتش زدگی کے واقعات پیش آچکے ہیں جن کے پیشِ نظر رواں سال دبئی حکومت نے عمارتوں کے لیے فائر سیفٹی کے نئے ضوابط متعارف کرائے ہیں۔

XS
SM
MD
LG