|
ویب ڈیسک — بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان بارڈر گواسکر ٹرافی کے پہلے روز 17 وکٹیں گر گئیں۔ بھارتی ٹیم 150 رنز پر ڈھیر ہوئی تو پہلے روز کھیل کے اختتام پر آسٹریلیا کے سات کھلاڑی 67 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔
پرتھ میں کھیلے جا رہے میچ میں بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما کی غیر موجودگی میں فاسٹ بالر جسپریت بمرا ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں۔ شرما ذاتی مصروفیات کے باعث آسٹریلیا سے وطن واپس آ چکے ہیں۔
بمرا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ نوجوان اوپننگ بلے باز یشسوی جیسوال اور کے ایل راہل نے اننگز کا آغاز کیا تو آسٹریلوی فاسٹ بالر جوش ہیزل وڈ اور پیٹ کمنز نے اپنی تیز رفتار گیندوں سے مخالف ٹیم کے بیٹرز کو پریشان کیا۔
کھیل کے تیسرے ہی اوور میں پانچ کے مجموعی اسکور پر جیسوال مچل اسٹارک کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے جس کے بعد نئے آنے والے بلے باز دیودت پڈیکل جوش ہیزل وڈ کا شکار بنے۔ دونوں ہی بلے باز بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے۔
سابق کپتان وراٹ کوہلی بھی پانچ رنز کے مہمان ثابت ہوئے جو ہیزل وڈ کی گیند پر عثمان خواجہ کو کیچ تھما کر پویلین لوٹ گئے۔ آسٹریلوی بالنگ اٹیک کے خلاف مزاحمت کرنے والے کے ایل راہل بھی 47 کے مجموعی اسکور پر 26 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
رشبھ پنت 37 اور نتیش کمار ریڈی 41 رنز بنا کر نمایاں رہے اور بھارت کی پوری ٹیم 150 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔
آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل وڈ چار، مچل اسٹارک دو، پیٹ کمنز دو اور مچل مارش دو وکٹیں لے کر نمایاں رہے۔
جواب میں آسٹریلیا ٹیم کا آغاز بھی اچھا نہ رہا اور 14 رنز پر آل راؤنڈر نیتھن میکسوینی کو بمراہ نے ایل بی ڈبلیو کر دیا۔ عثمان خواجہ آٹھ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
آسٹریلیا کا اسکور 19 ہوا تو اسٹیو اسمتھ بھی بغیر کوئی رنز بنائے بمرا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ ون ڈے ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کی جیت میں اہم کردار ادا کرنے والے ٹرویس ہیڈ بھی صرف 11 رنز بنا کر چلتے بنے۔ انہیں ہرشیت رانا نے بولڈ کیا۔
مارنس لبوشین دو، ایلکس کیری 19 اور پیٹ کمنز تین رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پہلے روز کھیل ختم ہوا تو آسٹریلیا نے سات وکٹوں کے نقصان پر 67 رنز بنا لیے تھے۔ آسٹریلیا اب بھی بھارت کے پہلی اننگز کے ٹوٹل سے 83 رنز پیچھے ہے۔
بھارت کی جانب سے بمرا نے چار، محمد سراج نے دو جب کہ ہرشت پردیپ رانا نے ایک وکٹ حاصل کی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ چھ دسمبر سے ایڈیلیڈ میں جب کہ تیسرا میچ 14 دسمبر سے برسبین میں کھیلا جائے گا۔ چوتھا ٹیسٹ میچ 26 دسمبر سے میلبرن اور سیریز کا آخری میچ تین جنوری سے سڈنی میں کھیلا جائے گا۔
بھارتی فاسٹ بالر ہرشت پردیپ رانا اور آل راؤنڈر نتیش کمار آسٹریلوی سر زمین سے اپنے ٹیسٹ کریئر کا آغاز کر رہے ہیں جب کہ آسٹریلیا کے 25 سالہ نوجوان آل راؤنڈر نیتھن میکسوینی بھی اپنا ٹیسٹ سفر شروع کر رہے ہیں۔
فورم