رسائی کے لنکس

پانچواں ٹی ٹوئنٹی: سیریز جیتنے اور بچانے کے لیے دونوں کپتان تیار


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ ایک روزہ میچز پر مشتمل سیریز کا پانچواں اور فیصلہ کن میچ پیر کو کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیمیں راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں مقامی وقت کے مطابق رات نو بجے مدِ مقابل ہوں گی۔

گرین شرٹس اور کیویز کے لیے یہ میچ اس لیے بھی اہمیت کا حامل ہے کیوں جیتنے کی صورت میں بابر الیون سیریز اپنے نام کر لے گی جب کہ ٹام لیتھم کی قیادت میں اگر کیویز ٹیم میچ جیت گئی تو ٹی ٹوئنٹی سیریز کا اختتام برابری پر ہو گا۔

روالپنڈی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا سیریز کا چوتھا میچ بارش کے باعث بے نتیجہ رہا تھا۔ تاہم آج راولپنڈی کا موسم خوشگوار ہے اور بارش کا بھی کوئی امکان نہیں۔

اب تک کھیلے گئے چار میچز میں سے دو میں پاکستان اور ایک میں نیوزی لینڈ نے کامیابی حاصل کی ہے۔

میزبان پاکستان ٹیم کو ہوم گراؤنڈ کا فائدہ حاصل ہے لیکن تیسرے میچ میں کیویز کی شاندار پرفارمنس نے بابر الیون کے لیے خطرے کی گھنٹی ضرور بجا دی تھی۔

تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں نیوزی لینڈ نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 163 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں پاکستان کی پوری ٹیم 159 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی۔

سیریز کے آخری میچ کے لیے دونوں ٹیموں میں کسی بھی تبدیلی کا امکان نہیں۔

بابر اعظم کی قیادت میں پاکستان کی ممکنہ گیارہ رکنی ٹیم محمد رضوان، فخر زمان، صائم ایوب، شاداب خان، عماد وسیم، افتخار احمد، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف پر مشتمل ہو سکتی ہے۔

اسی طرح ٹام لیتھم کی قیادت میں نیوزی لینڈ کی ٹیم چیڈ بوز، ول ینگ، ڈیرل مچل، مارک چیپمن، جیمز نیشام، رچن روندرا، ایڈم ملنے، میٹ ہینری، ایش سودھی اور بن لسٹر پر مشتمل ہو سکتی ہے۔

XS
SM
MD
LG