رسائی کے لنکس

ویکسین لگوانے والے امریکیوں کو یورپ میں گرمیوں کی چھٹیاں گزارنے کی اجازت ہو گی، یورپی حکام


برسلز میں یورپی کمیشن کی صدر ارسلا وون ڈر لیاین۔ اپریل 14, 2021
برسلز میں یورپی کمیشن کی صدر ارسلا وون ڈر لیاین۔ اپریل 14, 2021

یورپ سفری پابندیوں میں نرمی لاتے ہوئے اُن امریکیوں کو یورپ میں گرمیوں کی چھٹیاں گزارنے کی اجازت دے گا، جنہیں کرونا وائرس کی ویکسین لگ چکی ہو گی۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق یورپین کمشن کی صدر ارسلا وون ڈر لیان نے امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین کے 27 رکن ممالک ان افراد کو یورپ میں سفر کے لیے آنے دیں گے جنہیں یورپین میڈیسن ایجنسی سے منظور شدہ ویکسین لگ چکی ہو۔

یاد رہے کہ ایجنسی کی جانب سے وہ تینیوں ویکسینز منظور شدہ ہیں جو امریکہ میں اس وقت استعمال ہو رہی ہیں۔ ان میں فائزر، موڈرنا اور جانسن اینڈ جانسن کی کرونا وائرس کی ویکسینز شامل ہیں۔

ارسلا وون ڈر نے بتایا،’’جہاں تک مجھے معلوم ہے، امریکہ میں وہی ویکسینز استعمال ہو رہی ہیں جو کہ یورپین میڈیسن ایجنسی کی جانب سے منظور شدہ ہیں۔‘‘

ان کے بقول اس صورت حال کی بدولت ایسے افراد کو جنہیں یہ ویکسینز لگ چکی ہیں یورپی یونین میں سفر کرنے میں آسانی ہوگی۔

تاہم، انہوں نے اس بارے میں مزید معلومات فراہم نہیں کیں کہ یورپ میں سفر دوبارہ سے کب شروع ہو گا۔

واضح رہے کہ یورپ ایک برس پہلے تمام غیر ضروری سفر پر پابندی لگا چکا ہے۔

رواں مہینے یورپین یونین کے رکن ممالک نے اس بات پر اتفاق ظاہر کیا تھا کہ یورپ میں سفر کے لیے ویکسین پاسز کا استعمال شروع کیا جائے۔ یہ پاسز ان لوگوں کو فراہم کئے جائیں گے جنہیں اب تک کرونا وائرس کی ویکسین لگ چکی ہے، یا جو اس وبائی مرض سے متاثر ہو کر صحت مند ہو چکے ہیں یا ایسے لوگ جن کا سفر سے پہلے کرونا وائرس کا ٹیسٹ منفی آ چکا ہے۔

XS
SM
MD
LG