رسائی کے لنکس

کاغذات ِنامزدگی واپس لینے کا آخری دن گزر گیا


آج کاغذات نامزدگی واپس لینے کا آخری دن تھا۔ اس طرح انتخابی عمل کا ایک مرحلہ آج کے روز مکمل ہوگیا جبکہ ایک اور مرحلہ کل کے روز مکمل ہوجائے گا۔

ملک بھر میں قائم الیکشن ٹربیونلز میں امیدواروں کی اپیلوں کی سماعت کا وقت ختم ہو گیا۔ انتخاب لڑنے والوں کی حتمی فہرست کل آویزاں کردی جائے گی۔ وقت ختم ہونے تک جن کاغذات نامزدگی کو منظور یا مسترد کئے جانے کے خلاف اپیلوں پر فیصلہ نہیں ہو سکا انہیں مسترد کر دیا گیا۔

آج کا دن پارٹی کا انتخابی نشان حاصل کرنے کیلئے امیدواروں کی طرف سے پارٹی سرٹیفکیٹ جمع کرانے یا کاغذات ِنامزدگی واپس لینے کا بھی آخری دن تھا۔ اس طرح انتخابی عمل کا ایک مرحلہ مکمل ہو گیا جبکہ ایک اور مرحلہ کل کے روز مکمل ہوجائے گا۔

خیبرپختونخواہ میں انتخابی جلسوں پر پابندی
خیبرپختونخواہ کی نگراں حکومت نے آل پارٹیز کانفرنس میں سیاسی جماعتوں سے مشاورت کے ذریعے صوبے بھر میں تمام پولنگ اسٹیشنوں کو 10 سے 12 مئی تک پاک فوج کی ’کوئیک رسپانس فورس‘ کے حوالے کرنے کا اعلان کرتے ہوئے گنجان آباد اور بند علاقوں میں سیاسی جماعتوں کے جلسوں اور کارنر میٹنگز کے انعقاد پر پابندی عائد کردی ہے۔

تمام امیدواروں کو صوبے بھر میں 5 ،5 ایف سی اہلکار بطور سیکورٹی گارڈز فراہم کیے جائیں گے جن کے اخراجات صوبائی حکومت کے ذمے ہوں گے۔ انتخابات کے موقع پر فُول پروف سیکورٹی انتظامات کرنے کے حوالے سے بھی منصوبہ بندی کرلی گئی ہے۔

صوبائی وزیر ِاطلاعات مسرت قدیم کا کہنا ہے کہ، ’’آل پارٹیز کانفرنس میں تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے یہ فیصلہ کیا گیا کہ کوئی بھی پارٹی کسی گنجان آباد یا ایسے علاقے میں جو بند ہوں، کوئی جلسہ یا کارنر میٹنگ منعقد نہیں کرے گی۔ تمام پارٹیز اپنی تمام تقریبات اور پروگرام چار دیواری کے اندر کرنے کے پابند ہوں گے۔‘‘

ہاری خاتون شرجیل میمن کے خلاف لڑے گی
نجی جیل سے رہائی پانے والی صحرائے تھر کی رہائشی ہندو ہاری خاتون ویرو کولہن سندھ کے حلقے پی ایس پچاس سے پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار شرجیل میمن کے خلاف انتخابات میں حصہ لے رہی ہیں اور گھر گھر جا کر ووٹروں کو آمادہ کر رہی ہیں کہ وہ انہیں ووٹ دیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر وہ جیت گئیں تو غریب ہاریوں اور نجی جیلوں میں قید افراد کی رہائی کے لئے کام کریں گی۔

امیدواروں کی سیکورٹی پر صدر کو تشویش
صدر آصف علی زرداری نے چیف الیکشن کمشنر سے رابطہ کرکے انتخابی امیدواروں کی سیکورٹی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ صدر کا کہنا ہے کہ فخرالدین جی ابراہیم سیکورٹی کے معاملے پر صوبائی حکومتوں سے خود رابطہ رکھیں۔

سیکریٹری الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابات میں سیکورٹی پلان سے متعلق صوبائی حکومتوں، وزارت ِداخلہ اور دفاع کا اجلاس 25 اپریل کو طلب کر لیا گیا ہے جس میں فوج کی تعیناتی سے متعلق اُمور کو حتمی شکل دی جائے گی۔

نون لیگ، ایم کیوایم اور پی ٹی آئی کی جانب سے ٹکٹوں کا اعلان
مسلم لیگ ن نے پنجاب، ایم کیوایم نے سندھ اور پی ٹی آئی نے کراچی کی نشستوں کے لئے امیدواروں کا انتخاب مکمل کر لیا ہے جبکہ جماعت ِاسلامی نے قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیا ہے۔

پی ایم ایل ن نے پنجاب میں قومی اسمبلی کے 148 میں سے 146 حلقوں میں امیدواروں کے ناموں کی حتمی فہرست مکمل کر لی جبکہ مسلم لیگ ن کی جانب سے 2 حلقے این اے 173 ڈیرہ غازی خان اور این اے 195 رحیم یار خان اوپن رکھے گئے ہیں۔

پنجاب اسمبلی کی 297 میں سے 287 سیٹوں پر بھی امیدواروں کا اعلان کر دیا گیا۔ پی پی 6 راولپنڈی، پی پی 170 ننکانہ صاحب اور پی پی 295 رحیم یار خان کے حلقے اوپن رکھے گئے ہیں۔

پی پی 34 سرگودھا، 61 فیصل آباد، 78 جھنگ، 200 ملتان، 271 بہاولپور، 280بہاولپور اور پی پی 297 رحیم یار خان میں امیدواروں کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔

پاکستان تحریکِ انصاف نے کراچی میں قومی اسمبلی کی پانچ نشستوں کے لئے امیدواروں کو ٹکٹ جاری کردیئے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کے میڈیا کوآرڈینیٹر جمال صدیقی کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے239 ،256،250،240 اور 257 کیلئے پارٹی کے امیدواروں کو ٹکٹ جاری کر دئیے ہیں۔
XS
SM
MD
LG