امریکی صدر کی حلف برداری کے دن کیا کیا ہو گا؟
امریکہ کے منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ آج امریکی وقت کے مطابق صبح 11 بج کر 47 منٹ پر اپنے عہدے کا حلف اُٹھائیں گے۔ وہ امریکہ کے 47 ویں صدر ہیں اور اسی مناسبت سے ان کی حلف برداری کے لیے اس وقت کا انتخاب کیا گیا ہے۔
امریکی صدور کی حلف برداری کئی تقریبات اور روایات کا مجموعہ ہوتی ہے اور اسی مناسبت سے پیر کو بھی حلف برداری کی مرکزی تقریب کے علاوہ واشنگٹن ڈی سی میں کئی ایونٹس ہوں گے۔
نو منتخب صدر دن کا آغاز وائٹ ہاؤس کے قریب واقع سینٹ جونز ایپسکوپل چرچ میں ایک سروس میں شرکت سے کریں گے۔
حلف برداری سے قبل امریکہ کے نو منتخب صدور کی وائٹ ہاؤس کے نزدیک واقع اس چرچ کی سروس میں شرکت بھی ایک روایت ہے۔
سروس کے بعد منتخب صدر وائٹ ہاؤس کے قریب واقع صدارتی مہمان خانے بلیئر ہاؤس جائیں گے۔ اس کے بعد جو بائیڈن اپنی اہلیہ جل بائیڈن کے ہمراہ منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اُن کی اہلیہ کا وائٹ ہاؤس میں استقبال کریں گے اور چائے پر ملاقات کریں گے۔ یہ تقریب روایتی طور پر نئے صدر کے استقبال کے لیے منعقد کی جاتی ہے۔
وائٹ ہاؤس ٹی کے بعد منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کیپٹل ہل کے لیے روانہ ہوں گے۔ ٹرمپ کی حلف برداری کی تقریب کیپٹل ہِل کے کینن روٹنڈا ہال میں ہو گی۔
امریکی صدور کی حلف برداری کی تقریب روایتی طور پر کیپٹل بلڈنگ کے باہر 'نیشنل مال' پر ہوتی ہے جس میں لاکھوں لوگ شریک ہوتے ہیں۔ مگر اس بار سخت سردی کی وجہ سے یہ تقریب بلڈنگ کے اندر منتقل کر دی گئی ہے۔
مزید پڑھیے
امریکی ٹیکنالوجی کمپنیز کے سربراہان بھی حلف برداری میں موجود
امریکی ٹیکنالوجی کمپنیز ایمیزون، گوگل، ایپل، میٹا اور 'ٹیسلا' کے سربراہان بھی ڈونلڈ ٹرمپ کی حلف برداری میں شریک ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ کے قریبی مشیر ایلون مسک کے علاوہ 'گوگل' کے چیف ایگزیکٹو سندر پچائی اور 'ایمیزون' کے مالک چیف بیزوس بھی تقریب میں شریک ہیں۔ 'ایپل' کے سی ای او ٹم کک اور 'فیس بک' کے مالک مارک زکربرگ بھی کیپٹل ہل میں موجود ہیں۔
سابق امریکی صدور براک اوباما، جارج بش اور بل کلنٹن بھی کیپٹل ہل پہنچ گئے
منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریبِ حلف برداری میں شرکت کے لیے سابق امریکی صدور کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
سابق امریکی صدر براک اوباما بھی کیپٹل ہل پہنچ گئے ہیں۔ سابق امریکی صدر بل کلنٹن اپنی اہلیہ ہیلری کلنٹن کے ہمراہ کیپٹل ہل پہنچے ہیں۔ سابق صدر جارج بش بھی اپنی اہلیہ لارا بش کے ہمراہ پہنچ گئے ہیں۔