رسائی کے لنکس

عید الاضحیٰ: ڈیوڈ کیمرون کا مسلمانوں کو تہنیتی پیغام


'میں برطانیہ میں تقریباً 30 لاکھ مسلمانوں کے فلاحی کاموں، ایثار اور عشق الہی کے جذبے کا معترف ہوں اور سمجھتا ہوں کہ اِنہی عقائد اور مذاہب کے حامل افراد کی وجہ سے برطانیہ مضبوط اور مستحکم تر ہے۔۔۔‘ برطانوی وزیر اعظم

برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے برطانیہ سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں کو عیدالاضحیٰ کی دلی مبارکباد پیش کی ہے۔

سرکاری ذرائع کےمطابق، ڈیوڈ کیمرون نے دنیا بھر کے مسلمانوں اور برطانوی مسلم کمیونٹی کو عید الاضحیٰ کے موقع پر نیک خواہشات کا ییغام دیا ہے۔

وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ،’'میں برطانیہ میں تقریباً 30 لاکھ مسلمانوں کے فلاحی کاموں، ایثار اور عشق الہی کے جذبے کا معترف ہوں اور سمجھتا ہوں کہ اِنہی عقائد اور مذاہب کے حامل افراد کی وجہ سے برطانیہ مضبوط اور مستحکم تر ہے، پھر وہ چاہے برطانوی مسلمان ہوں یا ہندو اور سکھ، مسیحی ہوں یا یہودی۔ ان ہی لوگوں کے اقدار ہمیں استحکام عطا کرتی ہے۔‘

انھوں نے مزید کہا کہ، 'میں ایک ایسی قوم کا وزیراعظم ہونے پر فخر محسوس کرتا ہوں جہاں ہر پس منظر اور عقائد کے حامل افراد اپنے مذہبی عقائد پر پوری آزادی سے عمل کرتے ہیں۔ اس سال میری ملاقات مسلم کاروباری مرد و خواتین، مذہبی رہنماوں، محنت کش خاندانوں اوران جیسے متعدد افراد سے ہوئی جو ہمارے ملک کے لیے بہت اہم کردار ادا کر رہے ہیں'۔

ڈیود کیمرون نےکہا کہ مجھے خوشی ہے کہ برطانیہ بیرون ملک ضروتمندوں کی مدد کے لیے مسلم کمیونٹی اور دیگر تنظیموں کے ساتھ تعاون کرتا رہا ہے۔

انھوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ، 'نیا سال مسلمانوں اور دنیا بھر کے دیگر افراد جو مصائب اور رنج والم کا شکار ہیں ان کے لیے نئی امید لے کر آئے گا۔'

ڈیوڈ کیمرون نے مزید کہا کہ،''مجھے امید ہے کہ، آپ کا تہوار پر مسرت اور پر امن ہوگا۔ عید مبارک‘۔

XS
SM
MD
LG