رسائی کے لنکس

سعودی عرب کے مزید شہروں میں کرفیو نافذ، کویت نے کرفیو کا دورانیہ بڑھا دیا


فائل فوٹو
فائل فوٹو

سعودی عرب نے کرونا وائرس کے شکار مزید چار افراد کی ہلاکت کے بعد اس وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے دارالحکومت ریاض سمیت دیگر کئی بڑے شہروں میں کرفیو نافذ کر دیا ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق سعودی عرب کی وزارتِ داخلہ کا کہنا ہے کہ کرفیو ریاض، تبوک، دمام، طائف، قطیف اور جدّہ سمیت کئی بڑے شہروں میں نافذ کیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو گھروں میں رکھا جا سکے۔

کرفیو کے دوران لوگوں کو طبی سہولیات یا اشیائے خور و نوش کی خریداری کے لیے صبح چھ سے دوپہر تین بجے تک گھروں سے نکلنے کی اجازت ہے۔

شہروں کے داخلی و خارجی راستے آمد و رفت کے لیے بند ہیں۔ کرفیو کا اطلاق منگل تک کے لیے ہے۔

گزشتہ جمعرات کو سعودی حکومت نے مسلمانوں کے لیے مذہبی لحاظ سے انتہائی اہمیت کے حامل شہروں مکّہ اور مدینہ میں بھی 24 گھنٹوں کے لیے کرفیو میں توسیع کرتے ہوئے اسے غیر معینہ مدت تک کے لیے نافذ کیا تھا۔

سعودی عرب میں پیر کو کرونا وائرس سے مزید چار اموات کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 38 ہو گئی ہے۔

کویت میں اسکولوں کی تعطیلات میں توسیع

دوسری جانب کویت کی حکومت نے ملک بھر میں جاری دفاتر اور اسکولوں کی تعطیلات میں 26 اپریل تک توسیع کر دی ہے جب کہ دو گنجان آباد اضلاع کو مکمل لاک ڈاؤن کر دیا ہے۔

کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے کویت میں بھی جزوی کرفیو نافذ ہے جس کے اوقات کار مزید دو گھنٹے بڑھا دیے گئے ہیں۔

کویت میں پیر سے کرفیو کے اوقات میں تبدیلی کے بعد شام پانچ بجے سے صبح چھ بجے تک گھروں سے نکلنے پر پابندی ہو گی۔

کویت میں اب تک کرونا وائرس کے 665 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں اور ایک ہلاکت بھی ہوئی ہے۔ جس کے بعد وزارتِ داخلہ نے لوگوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کرفیو کے اوقات کے علاوہ بھی گھروں میں رہنے کو ہی ترجیح دیں۔

امارات اور مصر میں یومیہ کرونا کیسز میں ریکارڈ اضافہ

ادھر متحدہ عرب امارات اور مصر میں پیر کو کرونا وائرس کے یومیہ کیسز کی اب تک کی سب سے بڑی تعداد رپورٹ ہوئی ہے۔

متحدہ عرب امارات میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 277 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے اور ایک شخص ہلاک ہوا ہے جس کے بعد ملک بھر میں 'کووڈ 19' کے مریضوں کی مجموعی تعداد 2076 ہو گئی ہے جب کہ ہلاکتیں 11 ہو چکی ہیں۔

مصر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 149 مزید کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور سات ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ مصر میں کرونا وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد 1322 جب کہ ہلاکتیں 85 ہو گئی ہیں۔

خیال رہے کہ مصر عرب ممالک میں سب سے زیادہ آبادی والا ملک ہے جو لگ بھگ 10 کروڑ افراد پر مشتمل ہے۔ مصر میں بھی کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے رات کا کرفیو نافذ کیا گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG