رسائی کے لنکس

کراچی: اب ہیلی کاپٹر میں سیر کیجئے، فضائی نظارے لیجئے


کراچی میں اپنی نوعیت کی پہلی ’ہیلی کاپٹر سٹی ٹور سروس‘ شروع ہوگئی ہے، جس کی بدولت ہواؤں میں اڑان بھریئے۔۔شہر بھر کے فضائی نظارے لوٹئے اور ایسی لاجواب سروس کا مزہ اٹھائیے جو اب سے پہلے صرف لندن، پیرس، نیویارک اور دبئی میں ہی ممکن نظر آتی تھی

کراچی بدل رہا ہے۔۔یہاں تبدیلی آرہی ہے۔ نئے نئے تجربات ہو رہے ہیں اور نئی نئی چیزیں سامنے آرہی ہیں۔ کہیں الیکٹرک بائیکل تو کہیں تیز رفتار ٹرام چلانے کی باتیں ہو رہی ہیں۔

اب انہی تبدیلوں میں ایک اور اضافہ ہونے والا ہے۔۔اور وہ ہے ایسی سیر و تفریح جو اب تک صرف لندن، پیرس، نیویارک اور دبئی میں ہی ممکن نظر آتی تھی۔۔لیکن، اب کراچی آکر ہر کوئی اس کا بھرپور مزہ اٹھا سکتا ہے۔

چارٹرڈ سروسز فراہم کرنے والی کمپنی ’پرنسلے جیٹ‘ نے کراچی میں ’ہیلی کاپٹر سٹی ٹور سروس‘ شروع کردی ہے، جس کی بدولت ہواؤں میں اڑنے اور فضا سے اپنا شہر دیکھنے کا شوق رکھنے والے پوری طرح مستفید ہوسکیں گے۔

وائس آف امریکہ سے اس کی مزید تفصیلات شیئر کرتے ہوئے، ’پرنسلے جیٹ‘ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، غوث اکبر نے بتایا ’ہم کراچی کی سیاحتی تاریخ کو ایک نیا موڑ دے رہے ہیں۔ اب کوئی بھی شخص صرف 25ہزار روپے میں شہر بھر کے فضائی نظارے لے سکتا ہے۔اس سروس کے ذریعے سیاح کراچی کے اہم مقامات کی سیر کرسکیں گے ۔۔لمبی چوڑی سڑکیں ’ناپ‘ سکیں گے۔‘

غوث اکبر نے بتایا کہ ’کراچی انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے آپریٹ ہونے والی سیاحتی ہیلی کاپٹر سروس کا دورانیہ ایک گھنٹے پر مشتمل ہوگا، جس کے دوران عملے کے اراکین سیاحوں کو شہر کی خاص خاص باتوں اور چیزوں سے روشناس کرائیں گے، انہیں دوران پرواز ریفریشمنٹ بھی دیا کیا جائے گا، جبکہ ہیلی کاپٹر ٹورپورے بیس منٹ تک فضاء سے شہر بھر کا دورہ بھی کرائے گا۔‘

انہوں نے بتایا کہ پانچ مسافروں کی گنجائش والے جدید ترین ’یوروکاپٹرای سی ون تھرٹی، بی فور‘ استعمال کئے جائیں گے۔

غوث اکبر نے کہا کہ ’میں نے ہیلی کاپٹر سروس کے لئے مختلف اداروں سے رابطہ کیا۔ لیکن، کہیں سے کوئی رسپانس نہیں ملا۔ حالانکہ، پاکستان میں ائیر چارٹر سروس کے پھلنے پھولنے کے بہت روشن امکانات ہیں، کیونکہ بھارت اور مشرق وسطیٰ کے برعکس، جہاں چارٹر سروس کے لئے چار سو اور بارہ سو پرائیوٹ جیٹ موجود ہیں ۔۔۔ پاکستان میں صرف 20 پرائیویٹ جیٹ چلا کر رہے ہیں۔‘

غوث اکبر کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’سروس شروع کرنے کا مقصد سیاحت کو فروغ دینا اور کراچی کی خوبصورتی کو پرکشش انداز میں دنیا کے سامنے پیش کرنا ہے۔ جلد ہی ٹور ہیلی کاپٹر سروس پاکستان کے دوسرے شہروں خصوصاً شمالی علاقوں میں بھی شروع کی جائے گی۔‘

XS
SM
MD
LG