بھارت کا جنوبی شہر چنئی دنیا بھر کے تیزی سے ترقی کرتے شہروں میں سے ایک ہے۔ کروڑوں ڈالر کا کاروبار کرتی کمپنیاں، پیسے کی ریل پیل، زیادہ تنخواہوں والی ملازمتیں، آئی ٹی مینوفیکچرنگ کمپنیزاورخلیجِ بنگال کے کنارے لگژری فلیٹس کی بلند و بالا عمارتیں اس کی نئی پہچان ہیں۔۔۔ لیکن چنئی میں زیرزمین پانی کم ہو رہا ہے اور پیاس بھی بڑھ رہی ہے جس سے شہر کی ترقی کو بریک لگ سکتے ہیں۔
چنئی پیاسا ہے!

1
چنئی جسے ماضی میں مدراس کہا جاتا تھا، وہاں پانی کم یاب ہے۔ لوگ پانی کے حصول کے لیے دور دور کا سفر طے کرتے ہیں۔ ایک شخص اپنے خاندان کے ساتھ پانی بھرنے واٹر ڈپو جارہا ہے۔ اس کے ٹھیلے پر مٹکے رکھے ہوئے ہیں۔

2
ایک کروڑ کی آبادی والا شہر چنئی ریاست تامل ناڈو کا دارالحکومت ہے۔ شہر تیزی سے ترقی کررہا ہے اور تعمیرات روز بروز بڑھتی جارہی ہیں۔ وافر مقدار میں قدرتی پانی دستیاب نہ ہونے سے تعمیرات پر بھاری ٹیکس عائد ہیں۔ حکومت پر دباؤ بڑھ رہا ہے کہ وہ سمندر کے کھارے پانی کو پینے کے قابل بنانے پر خطیر رقم خرچ کرے۔

3
پانی کی سپلائی ریل کے ذریعے کی جا رہی ہے جس کے لیے سیکڑوں کلو میٹر دور جانا پڑتا ہے۔ ٹرین کی حفاظت کے لیے فوجی تعینات کیے جاتے ہیں۔ لوگوں کے گھروں میں لگے نل خشک پڑ گئے ہیں جس کے سبب وہ غصے کا اظہار کر رہے ہیں۔

4
پانی کی کمی کا براہ راست اثر کاروباری سرگرمیوں پر پڑ رہا ہے۔ کاروبار آئی ٹی کا ہو یا چائے کی معمولی دکان، ہر قسم کی تجارت پانی کی کمی سے بری طرح متاثر ہو رہی ہے ۔ مزدوروں کو چھٹیاں دے دی گئی ہیں جب کہ روزانہ اجرت پر کام کرنے والوں کو پانی کے حصول کے لیے ملازمت سے چھٹی لے کر گھنٹوں انتظار کرنا پڑتا ہے۔