رسائی کے لنکس

یوکرین: جنگ بندی کی خلاف ورزیاں، امریکہ کی تشوہش


جین ساکی
جین ساکی

محکمہ خارجہ کی خاتون ترجمان نے کہا ہے کہ، 'او ایس سی اِی' کے نگرانی پر مامور خصوصی دستے نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ دیبالسیو کے علاقے کے علاوہ دیگر مقامات پر حملے جاری ہیں، جِن میں سویروڈونیسک، لہانسک اور ڈونیسک سٹی شامل ہیں

امریکہ نے مشرقی یوکرین کے علاقے، دیبالسیو کے مضافات میں 'بگڑتی ہوئی صورتِ حال' پر اپنی 'شدید تشویش' کا اظہار کیا ہے۔

پیر کی شام گئے ایک اخباری بیان میں، محکمہ خارجہ کی خاتون ترجمان، جین ساکی نے کہا ہے کہ تعاون سے متعلق یورپی یونین کی تنظیم (او ایس سی اِی) کے نگرانی پر مامور خصوصی دستے نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اس علاقے کے ساتھ ساتھ دیگر مقامات پر حملے جاری ہیں، جِن میں سویروڈونیسک، لہانسک اور ڈونیسک سٹی شامل ہیں۔

ترجمان نے کہا ہے کہ یوکرین کی حکومت نے اطلاع دی ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران، روس کے حامی علیحدگی پسندوں نے 129 بار فائر کھولا، جس کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک جب کہ 25 زخمی ہوئے؛ جن میں اُس قافلے پر کیا جانے والا حملہ بھی شامل ہے جس میں دیبالسیو سے زخمیوں کو منتقل کیا جا رہا تھا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ علیحدگی پسندوں نے دیبالسیو میں جنگ بندی سے انکار سے متعلق عام اعلان کیا ہے، جب کہ 'او ایس سی اِی' کے مبصرین کو رسائی کے لیے سلامتی سے متعلق ضمانتیں فراہم نہیں کی گئی ہیں۔

ترجمان نے کہا ہے کہ روسی پشت پناہی والے علیحدگی پسندوں کی جانب سے 'ایسے جارحانہ اقدامات اور بیانات سے حال ہی میں جاری ہونے والی جنگ بندی کو خطرہ لاحق ہے، جس میں بھاری اسلحے کے انخلا کے لیے کہا گیا تھا، جو بات 12 فروری کے منسک سمجھوتے میں بھی شامل تھی، جس میں متعدد اقدامات پر عمل درآمد کے لیے کہا گیا تھا'۔

XS
SM
MD
LG