رسائی کے لنکس

کرونا وائرس کے باعث کان فلم فیسٹیول کا انعقاد مشکل


رواں برس 12 سے 23 مئی تک ہونے والے اس فیسٹیول کو گزشتہ مہینے منتظمین نے جون یا جولائی تک موخر کرنے کا اعلان کیا تھا۔
رواں برس 12 سے 23 مئی تک ہونے والے اس فیسٹیول کو گزشتہ مہینے منتظمین نے جون یا جولائی تک موخر کرنے کا اعلان کیا تھا۔

کرونا وائرس کی وبا نے رواں سال ہونے والے 73 ویں کان فلم فیسیٹول کا انعقاد بھی مشکل بنا دیا ہے. غالب امکان ہے کہ اس بار یہ فیسٹیول اپنی اصل شکل میں منعقد نہیں ہوسکے گا۔

رواں برس 12 سے 23 مئی تک ہونے والے اس فیسٹیول کو گزشتہ مہینے منتظمین نے جون یا جولائی تک موخر کرنے کا اعلان کیا تھا۔ تاہم منتظمین کی جانب سے جاری کردہ تازہ اعلان میں کہا گیا ہے کہ موجودہ صورتِ حال میں اب شاید یہ فیسٹیول جون اور جولائی میں بھی منعقد نہ ہوسکے۔

فیسٹیول کے صدر پیئرس لیسکیور کا کہنا ہے کہ انہیں امید تھی کہ مارچ کے آخر تک کرونا وائرس کا زور ٹوٹ جائے گا۔ جس کے بعد اسے مئی میں پُرسکون انداز سے منعقد کیا جاسکے گا۔

لیکن ان کے بقول فرانسیسی صدر ایمانوئل میخواں کی جانب سے لاک ڈاؤن میں 11 مئی تک توسیع کے اعلان سے جولائی تک کسی بھی عوامی اجتماع کے انعقاد کی اجازت ملنا ناممکن ہوگیا ہے۔

اعلان کے سبب فیسٹیول کے جون یا جولائی میں انعقاد کے امکانات تقریباً ختم ہو گئے ہیں جب کہ فیسٹیول اگر رواں سال نئی تاریخوں پر ہوا بھی تو اسے مختصر یا محدود کیے جانے کا امکان ہے۔

کان کے صدر پیئرس لیسکیور کے مطابق اس حوالے سے فلمی صنعت سے تعلق رکھنے والی شخصیات بھی ان سے رابطے میں ہیں۔

کان فلمی میلے کو دنیا کے چند بڑے فیسٹیولز میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔ اسی لیے دنیا بھر کی فلم اور فیشن انڈسٹریز سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات اس میں حصہ لیتی ہیں۔

فیسٹیول میں دکھائی جانے والی بہترین فلموں کو مختلف کیٹیگریز میں ایوارڈز سے بھی نوازا جاتا ہے۔

کان فرانس کا مشہور شہر ہے۔ اس فیسٹیول کو اسی کی مناسبت سے کان فلم فیسٹیول کا نام دیا گیا ہے۔

یہ فیسٹیول پہلی مرتبہ 1946 میں منعقد ہوا تھا۔ اب تک یہ فیسٹیول ہر سال ہوتا آیا ہے۔ تاہم اگر رواں سال اس کا انعقاد نہ ہوسکا تو تاریخ میں پہلی مرتبہ ایسا ہوگا۔

فرانس کرونا وائرس سے متاثرہ یورپی ممالک میں اٹلی اور اسپین کے بعد تیسرے نمبر پر ہے جہاں کرونا وائرس سے اب تک 15 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ سے زیادہ ہے۔

XS
SM
MD
LG