رسائی کے لنکس

پاکستان میں قومی اور صوبائی اسمبلی کے 21 حلقوں میں ضمنی انتخابات؛ گنتی کا عمل جاری

قومی اور صوبائی اسمبلی کے 21 حلقوں میں ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ صبح آٹھ بجے سے شام پانچ بجے تک جاری رہی۔ پولنگ کے دوران حلقوں میں موبائل فون سروس اور انٹرنیٹ سروسز بھی بند رہیں۔

12:30 21.4.2024

پاکستان میں قومی اور صوبائی اسمبلی کے 21 حلقوں میں ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ

پاکستان میں قومی اور صوبائی اسمبلی کے 21 حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں ووٹنگ کا سلسلہ جاری ہے جب کہ قومی اسمبلی کی پانچ اور صوبائی اسمبلی کی 16 نشستوں پر پولنگ صبح آٹھ بجے سے شام پانچ بجے تک جاری رہے گی۔

قومی اسمبلی کے جن حلقوں میں ضمنی انتخابات ہو رہے ہیں ان میں پنجاب کے دو، خیبر پختونخوا کے دو جب کہ سندھ کا ایک حلقہ شامل ہے۔

علاوہ ازیں صوبائی اسمبلی کی جن نشستوں پر ضمنی انتخابات ہو رہے ہیں ان میں پنجاب اسمبلی کی 12 اور خیبر پختونخوا اور بلوچستان اسمبلیوں کی دو دو نشستیں شامل ہیں۔

رپورٹس کے مطابق الیکشن کمیشن کی درخواست پر وفاقی حکومت نے سول آرمڈ فورسز اور فوج تعینات کرنے کی منظوری دی ہے۔ پولیس سیکیورٹی کے پہلے، سول آرمڈ فورسز دوسرے جب کہ فوج تیسرے حصار میں تعینات ہو گی۔

18:26 21.4.2024

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پی پی 54 نارووال میں ضمنی الیکشن کے دوران پولنگ اسٹیشن کے قریب ایک شخص کے ہلاک ہونے کے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے واقعے پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نارووال سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور معاملے کی رپورٹ طلب کی ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق چیف الیکشن کمشنر نے ذمے داروں کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

مسلم لیگ (ن) نے دعویٰ کیا تھا کہ ہلاک ہونے والا شخص مسلم لیگ (ن) کا کارکن ہے جسے پی ٹی آئی کے کارکنوں نے تشدد کر کے ہلاک کیا۔ پی ٹی آئی نے ان الزامات کی تردید کی ہے۔

18:23 21.4.2024

ضمنی انتخابات کے بعد گنتی کا عمل جاری

پاکستان میں قومی اور صوبائی اسمبلی کے 21 حلقوں میں ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد گنتی جاری ہے۔

ضمنی انتخابات میں اصل مقابلہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان تحریکِ انصاف کے حمایت یافتہ اُمیدواروں کے درمیان ہے جو سنی اتحاد کونسل کے پلیٹ فارم سے الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق مجموعی طور پر پرامن ماحول میں انتخابات ہوئے جب کہ حلقوں میں اکا دکا واقعات پیش آئے جس کا نوٹس لیا گیا ہے۔

12:48 21.4.2024

ضمنی انتخابات: پنجاب اور بلوچستان کے چند اضلاع میں موبائل سروس بند

اتوار کو ہونے والے ضمنی انتخابات کے دوران بلوچستان اور پنجاب کے چند اضلاع میں موبائل فون سروس معطل ہے۔

پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزارتِ داخلہ اور حکومت پاکستان کی ہدایات پر ضمنی انتخابات کے دوران پنجاب اور بلوچستان کے چند اضلاع میں موبائل سروس عارضی طور پر معطل رہے گی۔

12:43 21.4.2024

این اے 119 میں سنی اتحاد کونسل اورمسلم لیگ (ن) کے کارکنان میں جھگڑا

لاہور کے حلقہ این اے 119 میں ضمنی الیکشن کے دوران سنی اتحاد کونسل اور مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کے درمیان جھگڑا ہوا ہے۔

رپورٹس کے مطابق جھگڑا پولنگ اسٹیشن نمبر 171 لاہور کالج میں ہوا جہاں سیاسی کارکنان نے ایک دوسرے کے گریبان پکڑے۔

دوسری جانب شیخوپورہ میں انتخابی کیمپ کے لیے جگہ کے تنازع پر سیاسی کارکنان آمنے سامنے آ گئے۔

پولیس کے مطابق جھگڑا گورئمنٹ بوائز ہائی اسکول گاؤں نظام پور ڈاکا کے پولنگ اسٹیشن کے باہر ہوا۔

رپورٹس کے مطابق جھگڑے کے باعث پولنگ بھی کچھ دیر کے لیے معطل رہی ہے تاہم بعدازاں پولنگ کا عمل دوبارہ شروع ہو گیا۔

پولیس اہل کار جھگڑا کرنے والے کارکنان کو اپنے کیمپ میں لے گئے اور جھگڑا ختم کرایا۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG