رسائی کے لنکس

برطانوی طیاروں کا شام میں داعش کے خلاف دوسرا فضائی حملہ


برطانوی وزیر دفاع، مائیکل فالون نے ہفتے کے روز ایک بیان میں بتایا ہے کہ دو 'ٹائفون فائٹر بمبار جہازوں نے پہلی بار فوجی کارروائی میں حصہ لیا، جن کی مدد سے مشرقی شام میں تیل کی تنصیبات کو ہدف بنایا گیا'

برطانوی لڑاکا طیاروں نے جمعے کی شام گئے شام میں داعش کے اہداف کے خلاف دوسری فضائی کارروائی کی۔ اہل کاروں کے مطابق، کارروائی میں تیل کی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔

ہفتے کے روز ایک بیان میں، برطانوی وزیر دفاع، مائیکل فالون نے بتایا ہے کہ دو 'ٹائفون فائٹر بمبار جہازوں نے پہلی بار فوجی کارروائی میں حصہ لیا، جن کی مدد سے مشرقی شام میں تیل کی تنصیبات کو ہدف بنایا گیا'۔

برطانیہ کی وزارتِ دفاع نے ایک وڈیو جاری کیا ہے جس میں اِن بمبار جہازوں کو داعش کے اہداف پر دوسرا فضائی حملہ کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

ٹائفون جیٹ طیارے جمعرات کو قبرص میں واقع اکروتری کے برطانوی ایئر بیس پہنچے تھے، تاکہ ٹورناڈو لڑاکا طیاروں کی لڑاکا فورس کو مضبوط بنایا جا سکے۔

برطانیہ کی رائل ایئرفورس کے ٹورناڈو لڑاکا طیاروں نے جمعرات ہی کو فضائی حملوں میں حصہ لیا تھا، جس سے چند ہی گھنٹے قبل لندن میں قانون سازوں نے داعش کے شدت پسند گروپ کو شکست دینے کی وسیع تر حکمت عملی کے بِل کے حق میں 397 ووٹوں کی مدد سے قانون سازی کی، جس کی مخالفت میں 223 ووٹ پڑے۔

برطانوی قانون سازوں نے شام میں اہداف پر بمباری کی قرارداد منظور کی، جس کی درخواست وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے کی تھی۔

اپنا مقدمہ پیش کرنے کے لیے، کیمرون پارلیمان کے سامنے پیش ہوئے تھے، جس میں اُن کا کہنا تھا کہ داعش پر قابو پانے کے لیے یہ 'ایک وسیع تر حکمت عملی کا حصہ ہے'، جو تیل کی تنصیبات سے حاصل ہونے والی رقوم مغرب کے خلاف حملوں کے لیے استعمال کرتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG