رسائی کے لنکس

شام : الشعيرات‎‎ کے فوجی اڈے سے 'فضائی کارروائیاں پھر شروع'


فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے الشعيرات‎‎ پر اس وقت میزائل حملے کا حکم دیا جب امدادی کارکنوں نے کہاکہ شیخون پرہونے والے کیمیائی حملے میں درجنوں افراد ہلاک اور سیکڑوں دیگر زخمی ہوئے۔

شام کے ایک عہدیدار نے کہا ہے کہ جنگی جہازوں نے اس فضائی اڈے سے پروازیں پھر شروع کر دی ہیں جو جمعہ کو ہونے والے امریکی کروز میزائلوں کے حملوں کا نشانہ بنا تھا۔

حمص کے صوبائی گورنر نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ فوجی اڈے کے "پہلے حصے"نے کام شروع کر دیا ہے۔

خبررساں ادارے 'روئیڑز' نے حمص کے گورنر طلال بارزئی کے اس بیان سے متعلق رپورٹ ہفتہ کو شامی حکومت کے طرف سے یہ بتائے جانے کے چند ہی گھنٹوں کے بعد دی کہ الشعيرات‎‎ کے ہوائی اڈے پر ہونے والے امریکی میزائل حملے سے اسے بہت زیادہ نقصان پہنچا ہے۔

بارزئی نے مزید تفصیل بیان نہیں کی جبکہ فوجی اڈے کی صورت حال سے متعلق سوالات کے ردعمل میں پینٹاگان نے دمشق کی حکومت سے رابطہ کرنے کے لیے کہا۔

شام کی صورت حال پر نظر رکھنے والی 'سیرئین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس' کے مبصرین نے قبل ازیں کہا کہ شام کے جنگی جہاز جمعہ سے اس فضائی اڈے سے پرواز کر رہے ہیں اور انہوں نے صوبے کے مشرقی حصے میں واقع باغیوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔

تاہم فوری طور پر یہ واضح نہیں کہ کیا ہفتہ کو شيخون شہر کے قریب ہونے والی فضائی کارروائی میں الشعيرات‎‎ کے ہوائی اڈے سے اڑنے والے جنگی جہازوں نے حصہ لیا۔ اس کارروائی میں کم ازکم 18 عام شہری ہلاک ہوئے۔

منگل کو اس شہر پر کیمیائی حملہ ہوا تھا اور مقامی حکام کا کہنا ہے کہ یہ حملہ مبینہ طور پر شامی یا روسی جہازوں کے ذریعے کیا گیا۔ اس واقعہ پر ناصرف بین الاقوامی سطح پر شدید ردعمل کا اظہار کیا گیا بلکہ اس واقعہ کے تین دن کے بعد امریکہ نے فوجی اڈے کو کروز میزائلوں سے نشانہ بنایا۔

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے الشعيرات‎‎ پر اس وقت میزائل حملے کا حکم دیا جب امدادی کارکنوں نے کہاکہ شیخون پرہونے والے کیمیائی حملے میں درجنوں افراد ہلاک اور سیکڑوں دیگر زخمی ہوئے۔

امریکی نیوی کے ایک ایڈمرل نے کہا کہ میزائل حملے سے شامی فوج کی اس فضائی اڈے سے کیمیائی حملے کرنے کی صلاحیت ختم کر دی گئی ہے۔ ایڈمرل مائیکل ہاورڈ جو یورپ اور افریقہ میں امریکہ کی بحری فورسز کے کمانڈر ہیں، نے روئیٹرز کو بتایا کہ اگر ضرورت ہوئی تو امریکی فورسز مزید فضائی کارروائیاں کر سکتی ہیں۔

شام کے صدر بشار الاسد کی حکومت تواتر کے ساتھ حکومت کے خلاف برسرپیکار باغیوں کے خلاف کیمیائی ہتھیار استعمال کرنے سے انکار کرتی آرہی ہے۔

XS
SM
MD
LG