رسائی کے لنکس

بالی وڈ کی فیورٹ ’ماں‘ ریما لاگو چل بسیں


فلم ’قیامت سے قیامت تک ‘ میں جوہی چاؤلہ سے لے کر’ کل ہونہ ہو‘ میں شاہ رخ خان تک۔ ریما لاگو نے بالی وڈ کے تقریباً تما م میگا اسٹارز کی ماں کا کردار ادا کیا اور ہرمرتبہ بھرپور داد سمیٹی۔

بھارت کی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں ’چھوٹی اسکرین‘ سے ’سلوراسکرین ‘تک سب کی ’فیورٹ ماں ‘ اداکارہ ریما لاگو ممبئی میں چل بسیں۔

انسٹھ سال کی ریما لاگو کو سینے میں تکلیف کے باعث بدھ کی نصف شب ’کوکیلا بین امبانی اسپتال‘ منتقل کیا گیا تھا جہاں انہوں نے سوا تین بجے سے موت سے سخت پنجہ آزمائی کی لیکن جمعرات کو الصبح وہ زندگی کی جنگ ہار گئیں۔

مراٹھی تھیڑ اور فلموں سے شوبز کی دنیا میں قدم رکھنے والی ریما لاگو کی خوشگوار شخصیت اور خوبصورت مسکراہٹ کے ساتھ ساتھ منجھی ہوئی اداکاری نے کچھ ایسا رنگ جمایا کہ ہر بڑے بینر کی فلم میں ریما لاگو کی ہیروئن یا پھر ہیرو کی ماں کے رول میں شمولیت لازمی بن گئی تھی۔

فلم ’قیامت سے قیامت تک ‘ میں جوہی چاؤلہ سے لے کر’ کل ہونہ ہو‘ میں شاہ رخ خان تک۔ ریما لاگو نے بالی وڈ کے تقریباً تمام میگا اسٹارز کی ماں کا کردار ادا کیا اور ہرمرتبہ بھرپور داد سمیٹی۔

گلیمر اور جدید دورکی ماں کے کردار میں ریما نے اگر کردار کے تقاضے پر منفی رنگ بھی شامل کیا تو اس میں بھی ممتا کی جھلک نمایاں رہی۔ اس کی عمدہ مثال ان کی فلم’ ہم ساتھ ساتھ ہیں‘ ہے جس میں ریما، سیف علی خان اور سلمان خان کی ماں کے رول میں جلوہ گر ہوئیں۔

سلمان خان کی پہلی سپرہٹ فلم ’میں نے پیار کیا میں‘ نٹ کھٹ بیٹے کی خواہش کو ہر ممکن طریقے سے پوری کرنے کی کوشش کرتی ماں ہو یا پھر’کل ہونہ ہو ‘میں بیماری کا شکار بیٹے شاہ رخ خان کی صبر کرتی ماں۔ ریما نے ہر کردار کو اس طرح ڈوب کر کیا کہ دیکھنے والے متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکے۔

فلم ’واستو‘ میں گینگسٹر سنجے دت کی ماں کے طور پر ریما لاگوکی ایکٹنگ کو فلمی پنڈتوں نے مدر انڈیا میں نرگس کی اداکاری سے قریب تر قرار دیا تھا۔

بھارتی اخبارات اور ٹی وی چینلز جیسے ’ہندوستان ٹائمز‘،’این ڈی ٹی وی‘،’ٹائمز آف انڈیا‘ اور دیگر تمام چینلز اور اخبارات نے ریما لاگو کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ ریما لاگو کی اچانک موت پر بھارتی وزیراعظم نریندرمودی، امیتابھ بچن، رشی کپور، میگا ہٹ فلم ’ہم آپ کے ہیں کون ‘ میں ریما لاگو کی کو اسٹار مادھوری ڈکشت سمیت سب ہی نے ریما کی موت پر دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔

عامرخان، کاجول، رشی کپور اور دیگر اسٹارز نے ممبئی میں ریما کی آخری رسومات میں شرکت کی جو ان کی فلم انڈسٹری میں مقبولیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

سن 1958 میں جنم لینے والی ریما نے مراٹھی اداکار وویک لاگو سے شادی کے بعد اپنا نام ریما لاگو رکھا۔ چند سال کی رفاقت کے بعد شوہر سے تو علیحدگی ہو گئی لیکن ریما نے ان کا نام مرتے دم تک اپنے نام کے ساتھ جڑا رکھا۔ ریما کی ایک بیٹی ہیںجو خود بھی اسٹیج اور فلم کی اداکارہ ہیں اور اسٹیج ڈائریکٹر ہیں۔

ریما لاگو کے فلمی کیرئیر پر نظر ڈالیں تو ان کی مشہور فلموں میں ’’عاشقی، میں نے پیارکیا، کچھ کچھ ہوتا ہے، کل ہونہ ہو، واستو، ہم آپ کے ہیں کون ‘‘ اور دیگر شامل ہیں۔

ریما لاگو نے بہترین معاون اداکارہ کے لئے چار فلم فئیر ایوارڈز جیتے۔

ریما لاگو کا ٹی وی کیرئیر بھی کامیابیوں سے بھر پور رہا۔ ’تو تو میں میں‘۔۔۔ میں بہو سے نوک جھونک کرتی ساس کے روپ میں بھی ریما خوب پسند کی گئیں اور’’ شریمان شریمتی‘‘ نے بھی انہیں خوب شہرت بخشی۔

XS
SM
MD
LG