رسائی کے لنکس

نابینا افراد کے لیے ملازمت کے مواقع


نیشنل انڈسٹریز فار بلائنڈز کے برائن ہرلی جوکہ خود بھی نابینا ہیں
نیشنل انڈسٹریز فار بلائنڈز کے برائن ہرلی جوکہ خود بھی نابینا ہیں

امریکہ میں بصارت سے محروم افراد کو ہر طرح کے روزگار کے مواقع میسر ہیں اوراس کی وجہ ہے ایسی ٹیکنالوجی کی ترقی جوبصارت سے محروم افراد کو اپنی پسند کے شعبے کے لیے درکار ضروری تعلیم کے حصول اور مختلف ہنر سیکھنے کے قابل بناتی ہے

ہیلو امریکہ میں شامل ہونے والا سوال ہے اسلام آباد سے روبینہ انجم کا جو بصارت سے محروم بچوں کے لیے قائم المکتوم نیشنل ایجوکیشن سینٹر فار دی بلائنڈ کی پرنسپل ہیں ۔ وہ یہ جاننا چاہتی ہیں کہ امریکہ میں بصارت سے محروم افراد کے لیے کس قسم کے روزگار کے مواقع موجود ہیں ۔

اس سوال کے جواب میں نیشنل انڈسٹریز فار بلائنڈ ز کے ایکسٹرنل افیئرز کے ڈائریکٹر برائین ہرلی نے کہا کہ امریکہ میں بصارت سے محروم افراد کو ہر طرح کے روزگار کے مواقع میسر ہیں اوراس کی وجہ ہے ایسی ٹیکنالوجی کی ترقی جوبصارت سے محروم افراد کو اپنی پسند کے شعبے کے لیے درکار ضروری تعلیم کے حصول اور مختلف ہنر سیکھنے کے قابل بناتی ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے ایسے افراد کی تعلیم اور روزگار کے حصول میں مدد کے لیے ایک نظام قائم کررکھاہے اور اس تعلیمی نظام کے تحت بصارت سے محروم بچوں کے ساتھ اس وقت سے ہی کام شروع کردیا جاتا ہے جب وہ بہت چھوٹے ہوتے ہیں۔

اس نظام میں ان کی پسند کی تعلیم میں ان کی مدد کی جاتی ہے مثلاً اگر کوئی بچہ وکیل بننے کا خواہش مند ہو تو اس بات کو یقینی بنانا کہ سکول اور کالج میں ان کو اس شعبے سے متعلقہ کلاسز میں داخلہ دیا جائے ۔ ان کے لیے ضروری نصابی کتابیں دستیاب ہوں اور اس کے بعد وہ مناسب طریقے سے امتحان بھی دے سکیں ۔

برائن ہرلی کا کہناتھا کہ اپنی تعلیم مکمل کرنے کے بعد جب وہ کسی بھی ادارے میں ملازمت کا آغاز کرتے ہیں تو متعلقہ ادارہ انہیں ٹیکنالوجی سمیت وہ تمام سہولتیں فراہم کرتا ہے جن کی مدد سے وہ اپنے روزمرہ کے امور سرانجام دے سکیں ۔ تمام ادارے اس بات پر متفق ہیں کہ وہ ایسے افراد کو اپنے ملازمتی امور سرانجام دینے کے لیے ضروری سہولتیں فراہم کریں ۔اورجب ادارے انہیں ضروری ماحول مہیا کرنے پر آمادہ ہوتے ہیں تو ایسے افراد اپنی کارکردگی میں دوسروں سے پیچھے نہیں رہتے اور کامیابیاں ان کی ہم سفر بن جاتی ہیں ۔

XS
SM
MD
LG