صدارتی مباحثے کا آغاز، امیدواروں نے ہاتھ نہیں ملایا
امریکہ کے صدر جو بائیڈن اور سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان صدارتی مباحثے کا آغاز ہو گیا ہے۔
دونوں امیدوار اسٹیج پر آنے کے بعد ہاتھ ملانے کے بجائے اپنے اپنے پوڈیم پر کھڑے ہو گئے۔
مباحثے کے موڈریٹر جیک ٹیپر نے پہلا سوال صدر جو بائیڈن سے کیا۔
کن ووٹرز کے لیے مباحثہ زیادہ اہم ہے؟
متعدد امریکی سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ کروڑوں امریکی پہلے ہی اپنی تاریخ کے دو معمر ترین صدارتی امیدواروں میں سے اپنی پسند کا فیصلہ کر چکے ہیں۔ صدارتی دوڑ میں شریک ڈیموکریٹ امیدوار جو بائیڈن کی عمر 81 برس اور ری پبلکن امیدوار ٹرمپ کی عمر 78 برس ہے۔
مبصرین کے مطابق کئی رائے دہندگان دونوں امیدواروں کو ناپسند کرتے ہیں جنہیں موجودہ سیاسی تناظر میں ’ڈبل ہیٹرز‘ بھی کہا جا رہا ہے۔
یہ ایسے ووٹرز ہیں جو ان دو میں سے کسی کا انتخاب کریں گے بھی تو بادل نخواستہ ہی کریں گی، یا کسی تیسری پارٹی یا آزاد امیدوار کو ووٹ دے سکتے ہیں۔ یا پھر ممکن ہے کہ یہ ووٹ ہی نہ ڈالیں۔
دو بڑی سیاسی جماعتوں سے ہٹ کر ووٹ کا فیصلہ کرنے والے ووٹرز یا وہ جو اب تک صدارتی مہم پر پوری نظر نہیں رکھ پائے ہیں، ان کے لیے یہ مباحثہ رائے دہی سے متعلق فیصلے میں مددگار ہو سکتا ہے یا کم از کم کسی ایک جانب متوجہ کر سکتا ہے۔ اس سلسلے کا دوسرا مباحثہ 10 ستمبر کو ہو گا۔
سال 2020 کے انتخابات سے قبل بھی جو بائیڈن اور ٹرمپ کے درمیان صدارتی مباحثہ ہوا تھا جسے تقریباً سات کروڑ 30 لاکھ ناظرین نے دیکھا تھا۔
ڈبیٹ کی میزبانی کرنے والے سی این این کے مطابق جو بائیڈن اور ٹرمپ کی ٹیمز نے مباحثے کے لیے اپنے اپنے انداز میں تیاریاں کی ہیں۔
امریکہ میں ہونے والے رائے عامہ کے جائزوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ صدر بائیڈن اور ٹرمپ کے درمیان برابر کا مقابلہ ہے۔
بائیڈن اور ٹرمپ کے درمیان پہلے صدارتی مباحثے کی تیاریاں مکمل
امریکہ میں 2024 کے صدارتی اتنخاب سے قبل صدر جو بائیڈن اور ان کے مدمقابل سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان پہلے مباحثے کی تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں۔
سی این این پر ہونے والے پہلے صدارتی مباحثے پر امریکی ووٹرز کے ساتھ ساتھ دنیا کی نظریں بھی جمی ہیں۔ عالمی حالات اور امریکہ کی داخلی سیاست کے پس منظر میں جوبائیڈن اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان میں ہونے والے اس سیاسی مباحثے کو امریکہ کی انتخابی تاریخ کے اہم ترین مواقع میں شمار کیا جارہا ہے۔
ٹرمپ اور بائیڈن کے درمیان ہونے والا یہ مباحثہ روایت کے برخلاف صدارتی الیکشن سے کئی ماہ قبل ہورہا ہے۔ پانچ نومبر 2024 کے انتخابات سے قبل ڈیموکریٹک امیدوار صدر بائیڈن اور ری پبلکن پارٹی سے تعلق رکھنے والے ڈونلڈ ٹرمپ نے صرف دو ٹیلی وژن مباحثوں میں شریک ہونے پر آمادگی ظاہر کی تھی جس میں سے پہلا مباحثہ آج ہو رہا ہے۔
مباحثے کی میزبانی کرنے والے امریکی ٹی وی نیٹ ورک ’سی این این‘ نے صرف مقررین کی گفتگو کے وقت مائیک کھلے رکھنے سمیت کئی قواعد رکھے ہیں۔ اس مباحثے میں سامعین شریک نہیں ہوں گے اور امیدوار ابتدائی کلمات کے بغیر صرف سوالوں کے جواب دیں گے۔
صدارتی مباحثے سے قبل سیکیورٹی انتظامات مکمل
امریکہ کے ایسٹرن ٹائم کے مطابق شب نو بجے کو ہونے ولے پہلے صدارتی مباحثے کا وقت جوں جوں قریب آرہا ہے مباحثے کے مقام کے گرد سیکیورٹی انتظامات سخت کردیے گئے ہیں۔
صدارتی مباحثہ اٹلانٹا میں سی این این کے اسٹوڈیوز میں ہو رہا ہے جہاں صدر جو بائیڈن اور سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ آمنے سامنے ہوں گے۔ اس اسٹوڈیوز کے باہر سینکڑوں صحافی ڈبیٹ کو کور کرنے کے لیے جمع ہیں۔