رسائی کے لنکس

بنگلہ دیش: اسرائیلی عہدیدار سے رابطے پر حزب مخالف کا رکن گرفتار


فائل فوٹو
فائل فوٹو

بنگلہ دیش کے اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات نہیں ہیں اور اس ملک کے شہریوں کو اسرائیل کے سفر کی اجازت بھی نہیں ہے۔

بنگلہ دیش میں پولیس نے حزب مخالف کے ایک رہنما کو اسرائیل کے ایک عہدیدار کے ساتھ مل کر وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کی حکومت ختم کرنے کی سازش کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔

بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کے جوائنٹ سیکرٹری اسلم چودھری کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب مقامی ذرائع ابلاغ نے یہ خبر دی کہ مارچ میں انھوں نے بھارت جا کر اسرائیلی حکومت کے ایک مشیر سے ملاقات کی۔

پولیس کے ایک اعلیٰ عہدیدار عبدالباطن نے ڈھاکا میں نامہ نگاروں کو بتایا کہ "ہم نے اسلم چودھری کو ذاتی طور پر ایک اسرائیلی سیاستدان سے بیرون ملک ملاقات کر کے حکومت کے خلاف سازش تیار کرنے کے الزام میں گرفتار کیا۔"

شائع شدہ اطلاعات کے مطابق اسلم چودھری اور ان کے ایک ساتھی اسد الزمان کو مقامی عدالت نے سات روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

اسلم چودھری جنوبی شہر چٹاگانگ سے تعلق رکھنے والی ایک کامیاب کاروباری شخصیت بھی ہیں اور انھوں نے خود پر لگائے جانے والے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ "ذاتی کاروباری دورے" کے دوران ان کی بھارت میں اسرائیلی مشیر سے ملاقات ہوئی۔

بنگلہ دیش کے اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات نہیں ہیں اور اس ملک کے شہریوں کو اسرائیل کے سفر کی اجازت بھی نہیں ہے۔

بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کے قائد اور سابق وزیراعظم خالدہ ضیا پر بھی گزشتہ ہفتے حکومت مخالف مظاہروں کی سازش تیار کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔

XS
SM
MD
LG