رسائی کے لنکس

دولت اسلامیہ کے خلاف آسٹریلوی طیاروں کی پروازیں


فائل فوٹو
فائل فوٹو

وزارت دفاع کے بیان کے مطابق آسٹریلوی اسپیشل فورسز کی "عراق میں کارروائی میں معاونت اور مشورے" کے لیے وہ تاحال عراقی حکومت کی اجازت کے منتظر ہیں۔

آسٹریلیا کے جیٹ طیاروں نے دولت اسلامیہ کے خلاف بین الاقوامی اتحاد کا حصہ بننے کے بعد پہلی مرتبہ ان کارروائیوں میں حصہ لیا۔

آسٹریلیا کی وزارت دفاع نے پیر کو بتایا کہ ان کے دو لڑاکا طیاروں نے رات دیر گئے شمالی عراق میں پروازیں کیں لیکن انھوں نے کسی ہدف کو نشانہ نہیں بنایا۔

ایک روز قبل ہی آسٹریلیا کی کابینہ نے عراق میں جنگی جہازوں اور اسپیشل فورسز کی تعیناتی کی منظور دی تھی۔

وزارت دفاع کے بیان کے مطابق آسٹریلوی اسپیشل فورسز کی "عراق میں کارروائی میں معاونت اور مشورے" کے لیے وہ تاحال عراقی حکومت کی اجازت کے منتظر ہیں۔

امریکہ کی طرف سے شام اور عراق میں دولت اسلامیہ کے خلاف حالیہ دنوں میں فضائی کارروائیاں کی جاچکی ہیں۔

امریکی فوج نے اتوار کو بتایا تھا کہ شام میں رقہ اور المیادین میں کی گئی کارروائیوں میں ٹینکوں کو تباہ اور دیگر اہداف کو نشانہ بنایا گیا جب کہ عراق میں فلوجہ، ھیت اور سنجار میں بھی شدت پسندوں کے خلاف فضائی کارروائی کی گئی۔

دولت اسلامیہ کے عراق اور شام کے مختلف حصوں پر قبضہ کر رکھا ہے اور یہاں اقلیتوں کو ہلاک کرنے کے علاوہ انھیں مختلف قسم کے تشدد کا نشانہ بھی بنایا جارہا ہے۔

اس شدت پسند تنظیم کو عالمی امن کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے امریکہ نے یورپی اور عرب ممالک کے اتحاد کی قیادت کرتے ہوئے ان کے خلاف گزشتہ ماہ کارروائیوں کا آغاز کیا تھا۔

XS
SM
MD
LG