رسائی کے لنکس

واحد ٹی ٹوئنٹی میں آسٹریلیا کی جیت، پی سی بی کا مہمان ٹیم کو شکریے کا پیغام


آسٹریلیا نے 163 رنز کا ہدف کپتان ایرون فنچ کی شاندار نصف سینچری کی بدولت سات وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔
آسٹریلیا نے 163 رنز کا ہدف کپتان ایرون فنچ کی شاندار نصف سینچری کی بدولت سات وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔

آسٹریلیا نے پاکستان کو واحد ٹی ٹوئنٹی میچ میں تین وکٹوں سے شکست دے دی۔ دورے کے آخری میچ میں کامیابی سمیٹ کر مہمان ٹیم واپس وطن روانہ ہو گئی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے 24 برس بعد دورہ کرنے والی ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ بہت جلد دوبارہ ان کی میزبانی کریں گے۔

منگل کو دونوں ٹیموں کے درمیان قذافی اسٹیڈیم میں واحد ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلا گیا جس میں آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

بابر الیون نے پہلے بیٹںگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 162 رنز بنائے جس کے جواب میں مہمان ٹیم کے کپتان ایرون فنچ کی شاندار نصف سینچری کی بدولت آسٹریلیا نے ہدف سات وکٹوں پر حاصل کیا۔

پاکستان کی جانب سے محمد رضوان اور کپتان بابر اعظم پر مشتمل اوپننگ جوڑی نے ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کیا اور پہلی وکٹ پر 67 رنز جوڑے۔

اوپننگ بلے بازوں کی بیٹنگ کو دیکھتے ہوئے ایک بڑے ٹوٹل کی توقع کی جا رہی تھی لیکن 67 کے مجموعے پر محمد رضوان 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد نئے آنے والے بلے باز فخر زمان بھی بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹ گئے۔

آسٹریلوی بالرز نے اپنی نپی تلی بالنگ سے مخالف ٹیم کے بلے بازوں کو بڑا اسکور کرنے سے روکے رکھا۔ افتخار احمد 13، خوشدل شاہ 24، آصف علی تین، حسن علی 10 اور شاہین شاہ آفریدی بغیر کوئی رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

عثمان قادر نے 18 اور محمد وسیم دو رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔آسٹریلیا کی جانب سے نیتھن ایلس نے چار، کیمرون گرین دو، سین ایبٹ اور ایڈم زمپا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

شاہین شاہ آفریدی، محمد وسیم اور عثمان قادر نے دو دو جب کہ حارث رؤف نے ایک وکٹ حاصل کی۔
شاہین شاہ آفریدی، محمد وسیم اور عثمان قادر نے دو دو جب کہ حارث رؤف نے ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا نے پراعتماد انداز میں بیٹںگ کی۔ ٹریوس ہیڈ نے 14 گیندوں پر 26 رنز کی اننگز کھیلی جنہیں حارث رؤف نے آؤٹ کیا۔

کپتان ایرون فنچ نے چھ چوکوں کی مدد سے 45 گیندوں پر 55 رنز بنائے اور وہ میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

آسٹریلیا کے دیگر بلے بازوں میں جوش انگلس 24، مارنس لبوشین اور کیمرون گرین دو دو، مارکس اسٹونس 23 اور سین ایبٹ بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے جب کہ بین میکڈرموٹ نے 22 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی، محمد وسیم اور عثمان قادر نے دو دو جب کہ حارث رؤف نے ایک وکٹ حاصل کی۔

XS
SM
MD
LG