رسائی کے لنکس

یمن: اولڈ ہوم پر حملے میں 15 افراد ہلاک


جمعے کو نامعلوم حملے کا نشانہ بننے والے اولڈ ہوم کا منظر
جمعے کو نامعلوم حملے کا نشانہ بننے والے اولڈ ہوم کا منظر

واقعے میں ہلاک ہونے والوں میں چار بھارتی راہباؤں سمیت اولڈ ہوم میں کام کرنے والی دو یمنی خواتین، عمارت کا محافظ اور وہاں مقیم آٹھ بزرگ شہری شامل ہیں۔

یمن کے ساحلی شہر عدن میں ایک اولڈ ہوم پر مسلح افراد کے حملے میں بھارت سے تعلق رکھنے والی چار مسیحی راہباؤں سمیت کم از کم 15 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

یمنی حکام کے مطابق اولڈ ہوم کو نشانہ بنانے والے حملہ آوروں کی تعداد چار تھی جو وہاں تعینات محافظ کو یہ بتا کر عمارت میں داخل ہوئے کہ وہ اپنی والدہ کی عیادت کے لیے آئے ہیں لیکن عمارت میں داخل ہونے کے بعد وہاں موجود افراد پر فائرنگ کردی۔

واقعے میں ہلاک ہونے والوں میں چار بھارتی راہباؤں سمیت اولڈ ہوم میں کام کرنے والی دو یمنی خواتین، عمارت کا محافظ اور وہاں مقیم آٹھ بزرگ شہری شامل ہیں۔

حکام کے مطابق حملہ آور فائرنگ کے بعد واقعے سے فرار ہونے میں کامیاب رہے۔ حملے کی وجوہات کا تاحال تعین نہیں ہوسکا ہے اور حکام واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

حملے میں ہلاک ہونے والوں کی لاشیں بین الاقوامی امدادی تنظیم 'ڈاکٹرز وِ دآؤٹ بارڈرز' کے زیرِ انتظام عدن میں چلنے والے ایک اسپتال منتقل کی گئیں جہاں کی انتظامیہ نے 15 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی ہے۔

یمن کی بین الاقوامی حمایتِ یافتہ حکومت نے عدن کو اپنا عبوری دارالحکومت قرار دے رکھا ہے لیکن گزشتہ سال حوثی باغیوں کو عدن سے بے دخل کرنے کے بعد سے حکومت کو شہر پر اپنی عمل داری قائم کرنے میں مشکلات کا سامنا رہا ہے۔

حالیہ چند ہفتوں کے دوران عدن میں ہونے والے بعض حملوں کی ذمہ داری مشرقِ وسطیٰ میں سرگرم شدت پسند تنظیم داعش نے قبول کی ہے جب کہ حوثی باغی بھی شہر کو وقتاً فوقتاً حملوں کا نشانہ بناتے رہتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG