رسائی کے لنکس

عمران خان کو صادق اور امین قرار دینے کے خلاف اپیل دائر


عمران خان اور جہانگیر ترین۔ فائل فوٹو
عمران خان اور جہانگیر ترین۔ فائل فوٹو

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی نے عمران خان کو سپریم کورٹ کی جانب سے صادق و امین قرار دینے کے فیصلے کے خلاف نظرثانی اپیل دائر کردی۔ درخواست میں عمران خان کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہےکہ عمران خان نے بنی گالہ میں اپنی اہلیہ کے نام جائیداد بے نامی خریدی۔ انہوں نے جمائمہ سے لیا گیا قرض تسلیم کیا لیکن اس قرض کو کاغذات نامزدگی میں ظاہر نہیں کیا۔ آف شور کمپنی عمران خان کا اثاثہ تھا لیکن انہوں نے اسے بھی کاغذات نامزدگی میں ظاہر نہیں کیا۔ عمران خان نے عدالت کے روبرو جھوٹ بولا اور وہ آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف پر پورا نہیں اترتے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ عدالت نے مقدمے کی سماعت کے دوران بھی عمران کے کنڈیکٹ کو نہیں دیکھا۔ اس لئے عمران خان کو صادق و امین قرار دینے کے فیصلے پر نظرثانی کی جائے اور الیکشن کمیشن کو پی ٹی آئی کے 5 سال کے اکاؤنٹ چیک کرنے کا حکم بھی کالعدم قرار دیا جائے۔

حنیف عباسی کی جانب سے دائر درخواست میں سپریم کورٹ سے استدعا کی گئی ہے کہ عمران خان کے پارٹی فنڈنگ کے حوالے سے سرٹیفکیٹس کو جھوٹا قراردیا جائے اور وفاقی حکومت کو پی ٹی آئی کے خلاف فارن فنڈنگ پر کارروائی کا حکم دیا جائے۔

پانامہ کیس دائر کیے جانے کے بعد حنیف عباسی نے عمران خان اور جہانگیر ترین کی نااہلی کے لیے سپریم کورٹ میں درخواستیں دائر کی تھیں۔ عدالت نے طویل سماعتوں کے بعد جہانگیر ترین کو نااہل جب کہ عمران خان کو صادق اور امین قرار دیا تھا۔

XS
SM
MD
LG