رسائی کے لنکس

لاس اینجلس کے رہائشیوں کو آگ کے بارے میں فوری معلوما ت فراہم کرنے والی ایپ


لاس اینجلس میں لگنے والی ایک آگ کا منظر، فائل فوٹو
لاس اینجلس میں لگنے والی ایک آگ کا منظر، فائل فوٹو
  • حال ہی میں لاس اینجلس میں لگنے والی جنگل کی آگ سے متاثرہ رہائشیوں کو فوری معلومات فراہم کرنے میں ایک ایپ،’ واچ ڈیوٹی ‘نے اہم کردار ادا کیا ہے ۔
  • یہ ایپ آگ لگنے کے مقامات ، دھویں کی سمت ، ہوا کی رفتار کی پیش گوئی اور انخلا کے راستوں کے بارے میں ہر علاقے کے لوگوں کو براہ راست معلومات فراہم کرتی ہے ۔
  • اس وقت ایپ کے 70 لاکھ صارفین ہیں، بہت سوں نے اسے حالیہ ہفتوں میں ڈاؤن لوڈ کیا تھا۔
  • یہ ایپ امریکہ کی 22 ریاستوں میں مفت دستیاب ہے ،جن میں سے زیادہ تر مغربی ریاستیں ہیں، کمپنی کا ارادہ ہے اسے تمام ریاستوں تک پھیلانے کا ہے ۔

لاس اینجلس میں لگنے والی جنگل کی آگ سے متاثرہ رہائشیوں کو فوری معلومات فراہم کرنے کے لیے ایک ایپ،’ واچ ڈیوٹی ‘نے اہم کردار ادا کیا ہے ۔ اس وقت ایپ کے70 لاکھ صارفین ہیں جن میں سے بہت سوں نے اسے حالیہ ہفتوں میں ڈاؤن لوڈ کیا تھا۔

یہ ایپ آگ لگنے کے مقامات ، دھویں کی سمت ، ہوا کی رفتار کی پیش گوئی اور انخلا کے راستوں کے بارے میں ہر علاقے کے لوگوں کو براہ راست معلومات فراہم کرتی ہے ۔

یہ ایپ در اصل ایک ورچوئل ایمر جینسی آپریشن سینٹر کے طور پر کام کرتی ہے۔ یہ معلومات کو اکٹھا کرتی ہے اور ان کی تصدیق کرتی ہے ۔

لاس اینجلس میں واچ ڈیوٹی کے آپریشنز سے متعلق اسکےنائب صدر نک رسل نے بتایا کہ ان کی کمپنی کی فری ایپ آتشزدگی، اور دوسری قدرتی آفات کا پتہ لگاتی ہے ۔یہ مختلف ذرائع کی مدد سے،مثلاً ریاست بھر میں کیمروں، سینسرز ، سرکاری اداروں ، فوری مدد کو پہنچنے والے اہلکاروں ، رضاکاروں کے ایک گروپ ،اور رپورٹروں کی اپنی ٹیم کی مدد سے قدرتی آفات کے بارے میں اپنے صارفین کو براہ راست معلومات فراہم کرتی ہے ۔

کمپنی کے شراکت داروں کے بارے میں بات کرتے ہوئے رسل نے کہا کہ ، ٹیکنالوجی کمپنی ’واچ ڈیوٹی‘ کی ایک پارٹنر کمپنی ، ’الرٹ کیلی فورنیا‘ ہے جو ، یونیورسٹی آف کیلی فورنیا ، سین ڈی ایگو کےتحت کام کرتی ہے ۔ اس کمپنی کے ریاست بھر میں دھویں کا سراغ لگانے کے لیے آرٹیفیشل انٹیلی جینس کی مدد سے کام کرنے والے ایک ہزار سے زیادہ کیمروں کا ایک نیٹ ورک ہے ۔ یہ کیمرے اکثر لوگوں کی جانب سے ہنگامی اداروں کو فون کرنے سے پہلے آگ کا سراغ لگا لیتے ہیں ۔

انہوں نے بتایا کہ واچ ڈیوٹی کی دوسری پارٹنر میری لینڈ میں قائم کمپنی’ این۔5 سینسرز‘ ہے۔ اس کے سینسرز زمین کے اندر رکھے جاتے ہیں او ر وہ دھویں، حرارت اور آگ کی دوسری علامات کا سراغ لگالیتے ہیں۔

یہ ایپ امریکہ کی 22 ریاستوں میں مفت دستیاب ہے ،جن میں سے زیادہ تر امریکہ کی مغربی ریاستیں ہیں اور کمپنی کا ارادہ ہے کہ وہ اسے ملک کی تمام ریاستوں تک پھیلا دے گی ۔

واچ ڈیوٹی ایپ کی کامیابی اسکی نشاندہی کرتی ہے کہ ٹیکنالوجیز ، مثلا ً آرٹیفیشل انٹیلی جینس اور سینسرز، رہائشیوں، امدادی کارکنوں اور رضاکاروں کو براہ راست وہ معلومات فراہم کریں گی جن کی انہیں اپنی جان بچانے اور قدرتی آفات کا سامنا کرنے کےلیے ضرورت ہو۔

لاس اینجلس آگ؛ 'ایسی قدرتی آفت کبھی نہیں دیکھی'
please wait

No media source currently available

0:00 0:03:22 0:00

’واچ ڈیوٹی‘ جو اس وقت آگ پر مرکوز رہی ہے، دوسری قدرتی آفات مثلاً ٹارنیڈو ،سمندری طوفانوں ، زلزلوں اور سونامی کے بارے میں بھی معلومات فراہم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے ۔

رسل کہتے ہیں کہ ہم صرف آگ کے بارے میں ہی نہیں بلکہ ایک ایسا کلی مرکز بننا چاہتے ہیں جہاں لوگ کسی بھی خطرے کی صورت میں یہ واضح معلومات حاصل کر سکیں کہ کیا ہو رہا ہے ۔

گوگل اور دوسری کمپنیوں نے آگ لگنے کے واقعات کا پتہ لگانے کے لیے ٹیکنالوجی پر سرمایہ کاری کی ہے ۔ متعدد دوسری کمپنیاں بھی قدرتی آفات میں آرٹیفیشل انٹیلی جینس ،اے آئی ، سینسرز اور دوسری ٹیکنالوجیز کے استعمال کے طریقے تلاش کر رہی ہیں ۔

(وی او اے نیوز)

فورم

XS
SM
MD
LG