یروشلم میں اتوار کو وزیرِ اعظم بن یامین نیتن یاہو کی حکومت کے خلاف سینکڑوں افراد نے احتجاج کیا۔ مظاہرین نے ہائی وے بلاک کر کے ٹائر نذر آتش کیے اور اسرائیلی وزیرِاعظم سے استعفے کا اور حماس کے زیرِ قبضہ یرغمالوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے واٹر کینن کا استعمال کیا۔ اسرائیل اور فلسطینی عسکری تنظیم حماس کے درمیان جاری جنگ کی طوالت کے باعث اسرائیلی شہریوں میں حکومت مخالف جذبات پائے جاتے ہیں۔ یاد رہے کہ سات اکتوبر 2023 کو حماس نے اسرائیل پر حملہ کر کے لگ بھگ 1200 افراد کو ہلاک اور 200 سے زائد کو یرغمال بنا لیا تھا۔ حماس کے حملے کے بعد شروع ہونے والی جنگ میں اب تک اسرائیل کی زمینی و فضائی کارروائی میں غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق 32 ہزار سے زیادہ فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں جن میں بیشتر خواتین اور بچے ہیں۔